اسرائیلی وزیر کا ابوظبی کی مسجد کا دورہ، سر ڈھانپ کر دورہ کرنے کی تصویرسوشل میڈیا پر وائرل
01:27PM Tue 30 Oct, 2018
اسرائیل کی کھیل و ثقافت کی وزیر نے متحدہ عرب امارات کی جامع مسجد شیخ زائد کا دورہ کیا۔ ان کی اس دورے کی تصویریں بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ اسرائیل کے کھیل و ثقافت کی وزیر میری رجیو نے اسلامی روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مسجد کے دورے میں عبایا پہن رکھا تھا اور سر بھی ڈھانپ رکھا تھا۔ مسجد کے دورے کے وقت امارات کے افسران بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
اسرائیل کی وزیر جوڈو ٹیم کے ہمراہ دبئی آئی تھیں جس نے یہاں ایک جوڈو مقابلے میں بھی حصہ لیا۔ اسرائیلی وزیر نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ وہ اسرائیل کی پہلی سینئر اہل کار ہیں جنھوں نے اس مسجد کا دورہ کیا اور اس کے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات لکھے۔ یہ تاثرات انھوں نے عبرانی زبان میں لکھے ہیں۔
مسجد میں اسرائیلی وزیر کی یہ تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جس میں سوشل صارفین نے اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کچھ صارفین نے اسے خوش آئند قرار دیا ہے تو وہیں کچھ دیگر نے اسے غلط قرار دیا ہے۔دیگر غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے ان پٹ کے ساتھ