مال و دولت کے ہوتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے غافل نہ ہونا مومن کا شیوہ ہے ؛مفتی فاروق صاحب
03:14AM Thu 7 Nov, 2013
مال و دولت کے ہوتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے غافل نہ ہونا مومن کا شیوہ ہے ؛مفتی فاروق صاحب
بھٹکلیس نیوز ؍ 6 نومبر،2013
بھٹکل ؍ (بھٹکل بیورو)’’ مال و دولت کا ہونا کوئی بری بات نہیں ہے اور یہ ایمان و اسلام کے منافی بھی نہیں ہے بلکہ انسان اس سلسلہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کر سکتا ہے ۔لیکن مال و دولت کے ہوتے ہوئے اللہ تعالٰی سے غافل نہ ہونا یہ مومن کا شیوہ ہے ‘‘۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محمودگنگوہی صاحبؒ کے خلیفہ مولانا مفتی فاروق صاحب(میرٹھی) نے کیا وہ یہاں بعد نماز عشاء تنظیم ملیہ مسجد میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی جانب سے منعقداجلاس عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ مفتی محترم نے اس موقع پر انبیاء، صحابہ ، تابعین اور صلحاء کے بہت سے ایسے واقعات گنائے کہ جو مالدار بھی تھے اور اپنے زمانہ کے برگزیدہ بندے بھی تھے جو اپنے زمانہ کے بادشاہ بھی تھے اور تہجد گزار و صاحب ترتیب بھی تھے ۔ مولانا محترم نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو ایمان کا جزء قرار دیتے ہوئے کہا کہ جتنی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہوگی ایمان بھی اتنا مضبوط اور بھاری درجہ کا ہوگا اور محبت جس قدر کمزور ہوگی اسی قدر ایمان بھی کمزور ہوگا ۔جو حقیقی معنی میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتا ہوگا اس کو جنت میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت نصیب ہوگی ۔ مفتی صاحب نے آخر میں اپنی بھٹکل آمد پر خوشی کا اظہار بھی کیا اور جامعہ و اکیڈمی کی طرف سے ہورہے دینی کاموں کی سراہنا کی ۔ اجلاس میں اہلیان بھٹکل کثیر تعداد میں شریک تھے ۔