بی جے پی لیڈروں کی زبان درازیاں جاری ’’میں وزیرداخلہ ہوتا تو دانشوروں کو گولی مارنے کا حکم دیتا‘‘:یتنال

11:52AM Sat 28 Jul, 2018

بنگلور۔28جولائی(ایجنسی)بی جے پی کو دانشوروں اورمفکروں سے کتنا ڈر لگتا ہے یہ تو وقتاً فوقتاً منظر عام پر آتا ہی رہتا ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے رہنما اکثر صحافیوں اور دانشوران کے خلاف زہر فشانی کرتے ہی رہتے ہیں۔ لیکن کرناٹک سے بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے تو دانشوروں کے خلاف زہر اگلتے ہوئے تمام حدود کو ہی پار کردیا۔کرناٹک سے بی جے پی کے رکن اسمبلی بسونا گوڈاپاٹل یتنال نے ملک کے دانشوروں کے حوالہ سے منتازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں ملک کا وزیر داخلہ ہوتا تو دانشوروں کو گولی سے مروا دیتا۔ یتنال کرگل وجے دیوس پر مبنی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔بی جے پی کے رکن اسمبلی نے خطاب کے دوران کہا، ’’دانشوروں اس ملک میں رہتے ہیں۔ ان سہولیات کا فائدہ اٹھاتے ہیں جس کے لئے ہم ٹیکس بھرتے ہیں۔ اس کے بعد وہ ہندوستانی فوج کے خلاف نعرے بازی کرتے ہیں۔ ہمارے ملک کو ان دانشوروں اور سکیولر لوگوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ اگر میں وزیر داخلہ ہوتا تو انہیں گولی مارنے کا حکم جاری کر دیتا۔بی جے پی کے رکن اسمبلی بسونا گوڈا پاٹل یتنال اس سے پہلے بھی متنازعہ بیان دیتے رہے ہیں۔ ایک تقریب کے دوران 4 جون کو انہوں نے کونسلروں سے کہا تھا کہ مسلمانوں کے لئے وہ کام نہ کریں بلکہ صرف ہندوؤں کے لئے کام کریں کیوں کہ انہیں مسلمانوں نے ووٹ نہیں دیا۔ سوشیل میڈیا پر ان کا وہ بیان کافی وائرل ہوا تھا۔