پسماندہ بستیوں کے غریب بچوں کاجلدہی مختلف اسکولوں میں داخلہ کرایا جائے گا: برگیڈیئر سید احمد علی
05:02PM Thu 26 Jan, 2017
علی گڑھ، (بھٹکلیس نیوز)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلربرگیڈیئرسید احمدعلی ( ریٹائرڈ) نے آج فردوس نگرمیں واقع سماجی تنظیم ’’ امید‘‘ کے سینٹر کا دورہ کیا اور پسماندہ بستیوں کے تقریباً150غریب بچوں کو گرم کپڑے اور جیکٹ وغیرہ تقسیم کئے۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علم اور سینئر معالج ڈاکٹر محسن رضا کے ذریعہ چلائے جارہے اس سینٹر پر منعقدہ جیکٹ تقسیم پروگرام میں غریب بچوں اور تنظیم کے رضاکاران کو خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس قسم کے پروگرام خود بھی شروع کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ بستیوں کے غریب بچوں کا’’ اسکول چلو ‘‘ مہم کے تحت جلد ہی مختلف اسکولوں میں داخلہ کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر کافی مسرت ہوگی جب یہ بچے اعلیٰ تعلیم کے لئے اے ایم یو میں داخلہ لیں گے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر نسیم احمد اور ڈاکٹر قرۃ العین نے فردوس نگر کی پسماندہ بستیوں میں تعلیمی کام شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پروفیسرشاہدصدیقی اورمحترمہ شاہ نور شان محمد کے علاوہ بڑی تعداد میں رضاکاران اور تنظیم سے وابستہ معالجین اس پروگرام میں موجودتھے۔