برطانوی پارلیمنٹ میں ایک مرتبہ پھر بریگزٹ منصوبے پر رائے شماری

02:43PM Tue 29 Jan, 2019

لندن: برطانوی پارلیمان میں آج ایک بار پھر بریگزٹ منصوبے پر رائے شماری کی جائے گی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی پارلیمنٹ میں وزیراعظم تھریسامے کے یورپی یونین سے انخلاء کے لیے کیے گئے بریگزٹ منصوبے کی منظوری کے لیے ایک بار پھر رائے شماری کی جائے گی۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ آج کے اہم اجلاس میں بریگزٹ منصوبے پر اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی متعدد متبادل تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ امید ہے حکومت اب تک کے موقف میں لچک دکھاتے ہوئے اپوزیشن کو منانے کی کوشش کرے گی۔ آج کے اجلاس میں کسی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا تو 29 مارچ کو برطانیہ کو یورپی یونین سے بغیر کسی منظم منصوبہ بندی کے الگ ہونا پڑ سکتا ہے جس سے ملکی سطح پر کئی پیچیدگیاں جنم لے سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی برطانوی پارلیمان وزیر اعظم ٹریسامے کے بریگزٹ منصوبے کو مسترد کرچکی ہے اور وزیراعظم کو اپنے کابینہ کے ارکان کی مخالفت کا بھی سامنا ہے۔