Majlis Islah Wa Tanzeem's election

05:38PM Mon 11 May, 2026

بھٹکل (بھٹکلیس نیوز بیورو)  مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی آئندہ تین سالہ میعاد کے لیے کل 12 مئی کو انتخابات ہونے جار ہے  ہیں جس تعلق سے بھٹکل کے عوام اور تنظیم کے ممبران  میں کافی جوش  دیکھا  جا رہا ہے۔

الیکشن کمشنر محی الدین الطاف کھروری کے مطابق تنظیم کے کل 16 حلقوں میں سے 7 حلقوں (حلقہ نمبر 3، 4، 5، 6، 8، 11 اور 15) سے 15 اراکین بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ اب بقیہ 9 حلقوں میں 12 مئی کو پولنگ ہوگی، جس کے لیے امیدواروں نے اپنی مہم تیز کر دی ہے۔

اس بار سب سے زیادہ توجہ حلقہ نمبر 14 پر مرکوز ہے، کارگیدے، شفا کالونی، ہاؤسنگ بورڈ، گول مسجد، ہورلی سال، مریم علی کالونی، مکہ کالونی اور مین روڈ کے علاقوں پر مشتمل اس حلقہ میں 232 ووٹرس موجود ہیں جہاں تنظیم کے موجودہ صدر عنایت اللہ شاہ بندری سمیت 10 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ یہاں سے صرف 5 اراکین کا انتخاب ہونا ہے۔ اسی طرح حلقہ نمبر 2 خلیفہ محلہ، صدیق اسٹریٹ، ڈونگرپلی اور ڈارنٹا علاقوں پر مشتمل اس حلقہ میں 246 ووٹروں کے ساتھ سب سے بڑا حلقہ بن کر ابھرا ہے، جہاں 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ حلقہ نمبر 13 (آزاد نگر) میں بھی 210 ووٹروں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے 6 امیدواربازی لگارہے ہیں۔

 

مجلس اصلاح و تنظیم کے الیکشن کمشنر محی الدین الطاف کھروری کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ادارے کے انتخابی عمل میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تنظیم کے کل 16 حلقوں سے مجموعی طور پر 45 اراکین کا انتخاب ہونا تھا، جس کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی واپسی کی آخری تاریخ 5 مئی طے کی گئی تھی۔ اس عمل کے دوران کئی امیدواروں نے اپنے نام واپس لے لیے ہیں  جس  کی وجہ سے  سات حلقوں (حلقہ نمبر 3، 4، 5، 6، 8، 11 اور 15)  سے 15 امیدوار بلامقابلہ منتخب قرار پائے ہیں۔

واضح رہے کہ ووٹنگ کا عمل  کل منگل 12 مئی کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، جس کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی جائے گی۔ انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان 14 مئی کو متوقع ہے۔

سبکدوش ہونے والی انتظامیہ میں سے نئی تشکیل پانے والی انتظامیہ کے لیے منتخب دس مقامی اراکین کے نام یہ ہیں۔

مولوی رکن الدین عزیز الرحمن، کھروری محی الدین الطاف، مولوی سید یاسر برماور، رکن الدین عبدالماجد، ہلارے مبشر، ایس ایم سید احمد پرویز، رکن الدین محمد یونس، دامودی عبدالمبین، رکن الدین محی الدین کوچو باپا، کے ایم اشفاق