Majlis Islah wa Tanzeem issues Friday prayers advisory

09:08AM Fri 29 May, 2026

بھٹکل میں بی جے پی کے احتجاج کے پیش نطر مجلسِ اصلاح و تنظیم کی جانب سے جمعہ کی نماز کے لیے اہم ہدایات

بھٹکل:29 مئی،2026(بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل مجلسِ اصلاح و تنظیم نے شہر میں آج صبح دس بجے ہورہے بی جے پی کے احتجاجی مظاہرے کے پیشِ نظر جمعہ کی نماز کے حوالے سے چند ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تنظیم کے مطابق، یہ احتجاج جمعہ کے دن نمازِ جمعہ کے دوران پبلک چبوترے سے منی ودھانا سودھا تک نکالے جانے کی توقع ہے۔ حکام کی جانب سے اس احتجاج کی باضابطہ اجازت پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

امن و امان اور عوامی تحفظ کے پیشِ نظر، تنظیم نے مسلمانوں سے پرامن رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔

 اس اجتجاج کے پیش نطر درج ذیل اہم ہدایات دی گئی ہیں:

مقامی مساجد میں نماز کی ادائیگی: بھٹکل کے اوپری محلوں میں رہنے والے رہائشیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہی علاقے کی مساجد میں جمعہ کی نماز ادا کریں۔ اسی طرح، شہر کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگ اپنے قریبی علاقے کی مساجد کا رخ کریں۔

احتجاجی راستے سے گریز: موجودہ حالات میں کشیدگی سے بچنے کے لیے، نماز کے وقت احتجاجی راستے پر غیر ضروری نقل و حرکت نہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

نور مسجد کے اوقات میں تبدیلی: نور مسجد کے نمازیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ناگزیر حالات کے باعث وہاں جمعہ کی نماز ٹھیک 12:50 بجے ادا کی جائے گی، لہذا تمام حضرات وقت کا خیال رکھتے ہوئے تشریف لائیں۔

نماز کے فوراً بعد واپسی: تنظیم نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز کے فوراً بعد اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور سڑکوں یا عوامی مقامات پر بلاوجہ کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ یہ احتیاطی تدبیر کسی بھی قسم کے خلل کو روکنے اور شرپسند عناصر کو موقع نہ دینے کے لیے اختیار کی گئی ہے۔

تنظیم کی طرف سے تمام شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

دوسری جانب، مجوزہ احتجاج کے پیشِ نظر بھٹکل میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔  عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔