Majlis Islah wa Tanzeem Holds Seerat Campaign Meeting in Jali, Emphasises Collective Efforts to Address Common Social Issues
08:23PM Sun 18 Oct, 2026
بھٹکل: 18 اکتوبر 2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو)مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے جاری سیرت مہم کے تحت آج صبح جالی کے کوکوس میں برادرانِ وطن کے ساتھ ایک تعارفی نشست منعقد کی گئی، جس کا عنوان ’’سیرتِ رسولؐ اور پیغامِ انسانیت‘‘ تھا۔ نشست کا مقصد برادرانِ وطن کو نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ مبارکہ، آپؐ کی تعلیمات اور انسانیت کے لیے آپ کے پیغام سے روشناس کرانے کے ساتھ باہمی افہام و تفہیم، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر روزنامہ ’وارتھا بھارتی‘ کے چیف ایڈیٹر جناب عبدالسلام پتگے نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے صرف 23 سال کی مختصر مدت میں ایسا عظیم انقلاب برپا کیا جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے مکہ مکرمہ میں اسلام کے ابتدائی دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات نے لوگوں کی زندگیوں اور سوچ میں گہری تبدیلی پیدا کی۔ جس کے نتیجے میں اولین دور میں ہی ایک ہی حکم پر شراب جیسی برائی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے لوگوں نے اپنے پاس موجود شراب کو بہا دیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایسے ذہن تیار کیے جو نیکی کے کاموں کو قبول کرنے اور برائیوں سے دور رہنے کے لیے آمادہ ہوئے۔
انہوں نے موجودہ معاشرے میں شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء کے بڑھتے ہوئے استعمال، خصوصاً نوجوانوں میں ان کے پھیلاؤ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے مذہبی تفریق سے بالاتر ہوکر مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ دورِ جاہلیت کے جھگڑوں اور اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح رسول اللہ ﷺ نے لوگوں کو ساتھ لے کر اختلافات ختم کرنے اور معاشرے میں امن قائم کرنے کی کوشش کی، اسی طرح آج بھی تمام طبقات کو مل کر معاشرتی مسائل کے حل کے لیے آگے آنا چاہیے۔
مولانا الیاس ندوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مختلف طبقات کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے باہمی رابطے اور مکالمے کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے برادرانِ وطن پر زور دیا کہ ان کی جانب سے بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جائیں، خصوصاً نوجوانوں میں ایک دوسرے کے تعلق سے پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بھلائی، امن و امان اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام طبقات کو مذہبی اختلافات سے بالاتر ہوکر متحد ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں انہوں نے حضور اکرم ﷺ کی حلف الفضول میں شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد مظلوموں کی مدد کرنا اور انصاف کے قیام کے لیے متحدہ کوشش کرنا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ آج بھی اسی جذبے کے ساتھ مشترکہ سماجی مسائل کے حل کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا الیاس ندوی نے بھٹکل کے مسلمانوں کے غیر مسلموں کے ساتھ خوش گوار تعلقات کے حوالے سے ڈاکٹر چترنجن اور پیجاور مٹھ کے سوامی جی کی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکل کو محض بدنام کیا گیا ہے۔ یہاں تعینات ہونے والا افسر ابتدا میں جس خوف یا تذبذب کے ساتھ آتا ہے، رخصت ہوتے وقت بھٹکل کے بارے میں اس کا نظریہ بالکل مختلف ہوتا ہے۔
ڈی وائی ایس پی گریش ایس وی نے بھی خطاب کرتے ہوئے مشترکہ مفادات کے حصول اور سماجی مسائل کے حل کے لیے تمام طبقات کے افراد کو مل جل کر کام کرنے کا مشورہ دیا۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے جناب صادق پلور نے ہندو مسلم اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک میں باہمی اتحاد، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر مذکورہ حضرات کے علاوہ سی ایم سی کمشنر بابا صاحب مانے اور مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا عزیز الرحمٰن رکن الدین ندوی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
پروگرام کا آغاز مولوی حسین جوکاکو کی قرأت سے ہوا۔ ایڈوکیٹ عمران لنکانے استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ رضا مانوی صاحب نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ جناب اقبال سہیل کے کلماتِ تشکر کے ساتھ نشست اختتام پذیر ہوئی۔ پروگرام کے بعد ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔