Majlis Islah-o-Tanzeem Launches Special Campaign to Spread the Message of Seerah; Written Seerah Quiz Competition Announced

09:25PM Sat 3 Oct, 2026

 

بھٹکل:  03 اکتوبر، 2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  مجلسِ اصلاح و تنظیم  بھٹکل کی جانب سے سیرتِ النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے، نئی نسل میں سیرتِ طیبہ سے وابستگی پیدا کرنے اور معاشرے میں دینی و فکری بیداری کو فروغ دینے کے مقصد سے رواں ماہ ایک خصوصی  سیرت مہم کا اعلان کیا گیا ہے۔

تنظیم کے دفتر میں منعقد  اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا عزیز الرحمن رکن الدین  ندوی نے مہم کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں تحریری سیرت کوئز مقابلہ، برادرانِ وطن کے سرکردہ طبقات کے ساتھ خصوصی فکری نشست اور ماہ کے اختتام پر ایک پُروقار اختتامی تقریب شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مہم کا پہلا مرحلہ تحریری سیرت کوئز مقابلے سے شروع کیا گیا ہے، جس میں بھٹکل میں مقیم 9 سال یا اس سے زائد عمر کا کوئی بھی فرد حصہ لے سکتا ہے۔ خواتین کے لیے بھی مقابلے میں شرکت کی اجازت ہے۔

مقابلے کے سوالنامے مجلسِ اصلاح و تنظیم کے دفتر کے علاوہ مقامی اسکولوں اور کالجوں سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ تنظیم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سوالنامے دفتری اوقات میں صبح 9:30 بجے سے نمازِ ظہر تک اور نمازِ عصر کے بعد شام 4:45 بجے سے رات 9 بجے تک دستیاب رہیں گے۔

سوالنامہ حاصل کرنے اور جوابی پرچہ مکمل کرکے جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 اکتوبر رات 9 بجے مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ وقت کے بعد کسی بھی قسم کا اندراج یا جوابی پرچہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

مقابلے کے قواعد کے مطابق ایک خاندان سے زیادہ سے زیادہ تین افراد  کوئز میں شرکت کرسکتے ہیں۔ شرکا کی حوصلہ افزائی کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں پہلا، دوسرا اور تیسرا انعام بالترتیب 15 ہزار، 10 ہزار اور 5 ہزار روپے رکھا گیا ہے، جبکہ اس کے علاوہ 35 خصوصی انعامات بھی دیے جائیں گے۔

مجلسِ اصلاح و تنظیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سیرت مہم میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوکر سیرتِ رسول ﷺ کے پیغام کو سمجھنے، اپنانے اور عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔