امریکہ میں ایک کروڑڈالر مالیت کے سونے کے سکے برآمد

06:12AM Thu 27 Feb, 2014


بھٹکلیس نیوز، 27فروری 14 امریکہ, (ایجنسی)امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی نے اپنے گھر کے احاطے میں ایک درخت کے نیچے سے انیسویں صدی میں ڈھالے گئے سونے کے 1427 سکے برآمد کئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ ڈالر کے قریب ہے۔ یہ اطلاع برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلی گراف نے دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ سکے سن 1847 سے سن 1894 تک زیر گردش تھے، ان کی حالت بہت اچھی ہے۔ ان سکوں میں ایسے نادر سکے بھی شامل ہیں جن میں سے ہر سکے کی قیمت دس لاکھ ڈالر ہو سکتی ہے۔ پانچ، دس اور بیس ڈالر کے سکے لوہے کے بکسوں میں محفوظ تھے۔ عملا\" تمام سکے امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں ڈھالے گئے تھے۔یہ سکے ڈھونڈنے والے میاں بیوی نے اپنے نام ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سکے جس گھر کے قریب ملے ہیں اس گھر میں وہ چند سال سے رہتے ہیں اور انہیں معلوم نہیں کہ سکوں کا مالک کون ہو سکتا ہے۔ میاں بیوی کا منصوبہ ہے کہ خزانے کا ایک حصہ بیچیں اور دوسرا خیراتی تنظیموں کو چندہ کے طور پر دے دیں۔