ریلوے لائن کے تعمیری کام میں تاخیر، عوام میں الجھن
02:07PM Fri 21 Sep, 2018
سرا 21ستمبر( نامہ نگار )ٹمکور تا داونگیرے بنایا گیاریلوے ٹریک منصوبہ جسے کو منظور ہوئے دس سال کا عرصہ گزر گیا ، ابھی تک کام جوں کا توں پڑا ہوا ہے ،سیاستدانوں محکمہ کے افسروں نے لگاتار امید دلاتے ہوئے 2019 تک کا ہدف پیش کیا تھا۔ایسے میں لوگوں کی امیدیں وابستہ تھیں کہ 2019میں ٹمکور تا داونگیرے کے لئے ریل دوڑائی جائے گی مگر اب ان کے لئے مایوسی کا سامنا ہے ،کیوں کہ افسروں کے کہنے کے مطابق مزید ڈیڑھ دو سال کا انتظار کرنا پڑے گا۔سرا ریلوے ہوراٹا سمیتی کے جنرل سکریٹری فرید احمد خان کی طرف سے محکمہ کے افسر سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مر تنجیا نے کہا کہ ان کے پاس اتنا عملہ نہیں ہے، جس کی بنا پراس منصوبہ کو جلد تکمیل تک پہنچا سکیں ، مرتنجیا نے محکمہ کی کار گردگی سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ کسانوں سے ابھی زمین حاصل کرنے کا کام باقی ہے، اور کچھ کسا ن ریلوے پٹڑی کے لئے زمین دینے سے انکار کر رہے ہیں ۔جس سے کام کی رفتار تھوڑی دھیمی ہوچکی ہے ،ابھی تک اس منصوبہ کے تحت ضلع ٹمکور میں کل 796ایکڑ اراضی حکومت نے کسانوں سے حاصل کرکے محکمہ ریلوے کے حوالہ کی ہے۔ محکمہ کے پاس بجٹ کی کوئی قلت نہیں ہے ،مرکزی حکومت کی جانب سے فنڈ جاری کیا گیا ہے ،البتہ محکمہ کے پاس اتنا عملہ نہیں ہے جس سے اس منصوبہ کو جلد مکمل کر لیا جائے ،بہر حال ٹمکور تا داونگیرے ریل کا خواب دیکھنے والوں کو مزید دو سال کا انتظار تو کرنا ہی پڑے گا۔