آسام میں کمل کھلا ، کیرالہ سے کانگریس بے دخل ،بنگال میں ممتا، تمل ناڈو میں جے للتا کی واپسی
03:57PM Thu 19 May, 2016
نئی دہلی۔ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسام میں پہلی بار اپنا پرچم لہرایا ہے وہیں مغربی بنگال میں ممتا بنرجی اور تمل ناڈو میں جے للتا کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ کیرالہ اور آسام میں کانگریس کو اقتدار گنوانی پڑی ہے۔ پانچ ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی میں اب تک ملے نتائج اور رجحانات کے مطابق پڈوچیري میں کانگریس اتحاد نے سترہ سیٹیں جیت کرسب سے بڑی الائنس بن کر ابھری ہے ۔
آسام میں تاریخ رقم کرتے ہوئے بی جے پی اتحاد نے چھیاسی نشستیں جیت لی ہیں۔ ڈیڑھ دہائی سے ریاست کے اقتدار پر قابض کانگریس نے چھبیس سیٹیں جیتی ہیں، جبکہ اےآئي يوڈي ایف نے تیرہ سیٹوں پر اپنا قبضہ جمایا ہے۔
مغربی بنگال کے 294 اسمبلی سیٹوں کے نتائج کے مطابق وزیر اعلی ممتا بنرجی کا کرشمہ برقرار رہا ہے اور ان کی پارٹی ترنمول کانگریس کو دو سو گیارہ سیٹیں ملی ہیں۔ لیفٹ اور کانگریس اتحاد کو چھہتر جبکہ بی جے پی کو چھ سیٹیں ملی ہیں۔ ایک سیٹ دیگر امیدوار کے ہاتھ آئی ہے۔
تمل ناڈو میں انتخابی پنڈتوں کے اندازوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلی جے للتا کا جادو برقرار ہے۔ ان کی پارٹی انا ڈی ایم کے نے اب تک ایک سو اٹھائیس سیٹیں جیت لی ہیں اور پانچ سیٹوں پر وہ آگے چل رہی ہے۔ وہیں ڈی ایم کے، کانگریس الائنس کو چھیانوے سیٹیں ملی ہیں اور تین پر وہ سبقت بنائے ہوئے ہے۔
کیرالہ میں بائیں جمہوری محاذ کانگریس کو بے دخل کرکے ایک بار پھر اقتدار میں واپسی کر رہا ہے۔ سی پی ایم نے اٹھاسی سیٹیں جیت لی ہیں۔ دوسری طرف، یوڈی ایف، کانگریس اتحاد کو پچاس سیٹیں ملی ہیں اور ایک سیٹ پر وہ آگے چل رہی ہے۔ وہیں کیرالہ میں بی جے پی نے کھاتہ کھولا ہے اور اس کی جھولی میں ایک سیٹ آئی ہے۔