پانچ دنوں کی پولیس حراست میں بھیجا گیا شرجیل امام ، ملک سے غداری کا ہے الزام
04:36PM Wed 29 Jan, 2020
دہلی کی ایک عدالت نے ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار شرجیل امام کو بدھ کو پانچ دن کے لیے دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی تحویل میں دیدیا ہے ۔ شرجیل کو دہلی کی کرائم برانچ نے منگل کو بہار کے جہان آباد سے گرفتار کیا تھا اور آج اسے دہلی کی ساکیت عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے شرجیل کو پانچ دن کی پولیس کی تحویل میں بھیج دیا ۔ شرجیل نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی ۔
بتادیں کہ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے شرجیل امام کو بہار کے جہان آباد کے کاکو تھانہ حلقہ سے گرفتار کیا تھا ۔ اس آپریشن میں مقامی پولیس بھی دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم کے ساتھ تھی ۔ شرجیل امام کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کی قیادت دہلی پولیس کے ڈی سی پی کرائم برانچ راجیش دیو کررہے تھے ۔
واضح رہےکہ کچھ دنوں پہلے شرجیل امام کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اسٹیج سے شمال مشرق کی ریاست آسام کو ہندوستان سے کاٹنے کی بات کہہ رہا ہے۔ اس نےکہا کہ مسلمانوں کو اپنی طاقت دکھاتے ہوئےکم از کم ایک ماہ تک آسام کا رابطہ ہندوستان سے منقطع کردینا چاہئے۔ اس کےلئے ریلوے ٹریک پر اتنا ملبہ ڈال دینا چاہئےکہ اسے صاف کرتےکرتےکم ازکم ایک ماہ کا وقت لگ جائے۔ شرجیل امام پر اشتعال انگیز تقریر کےلئے پولیس نے ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا ہے۔