علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نیشنل الیجیبلٹی انٹرنس ٹیسٹ ( نیٹ) کے مسئلہ پر عدالت عظمی سے رجوع کرے گی

05:21AM Sun 1 May, 2016

علی گڑھ ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے وائس چانسلرلیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ (ریٹائرڈ)کی صدارت میں منعقدہ اپنی ایک اہم میٹنگ میں فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹی نیشنل الیجیبلٹی انٹرنس ٹیسٹ ( نیٹ) کے مسئلہ پر عدالتِ عظمیٰ میں اپیل کرے گی۔ اکیڈمک کونسل کی اس اہم میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ اس داخلہ امتحان کے امیدواران کو نیٹ کے لئے دوسری میقات کے امتحان جو24؍جولائی2016کو مقرر کیاگیا ہے انہیں ایک ایڈوائزری بھی جاری کردی جائے تاکہ سب سے بدترین صورتِ حال میں وہ اس داخلہ امتحان کے لئے ابھی سے تیار رہیں۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں کل ہند سطح کے ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس کے داخلہ امتحان کے پہلے میقات کے نتیجہ کا اعلان27؍اپریل2016میں کردیا گیا تھا۔ اس داخلہ امتحان میں6316امیدواران ایسے پائے گئے جنہوں نے او ایم آر شیٹ کے کالم نمبر8کو بھرنے میں غلطی کی جو ان سے متعلق نہیں تھا۔کچھ امیدواران کی شکایت پر وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل شاہ (ریٹائرڈ)نے امیدواران کے ذریعہ غلط او ایم آر شیٹ بھرے جانے پر الیکٹرونکس انجینئرنگ شعبہ کے پروفیسر ایم سالم بیگ اور شعبۂ طبقات الارض کے پروفیسر شاہد فاروق پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی۔ اس جانچ کے بعد طے پایاگیا کہ جن امیدواران کے نمبرداخلہ ٹیسٹ میں ز یادہ ہیں لیکن انہوں نے او ایم آر شیٹ میں غلطی کردی ہے انہیں بھی پہلے میقات کے کامیاب امیدواران کی فہرست میں شامل کر دیا جائے۔ساتھ ہی پہلی فہرست میں کامیاب امیدواران کے ساتھ ہی دوسری فہرست بھی جاری کردی گئی ہے تاکہ انہیں مسلم یونیورسٹی کے ذریعہ منعقد کئے جانے والے دوسرے میقات میں داخلہ امتحان میں بیٹھنے کا موقعہ مل سکے۔