کرس گیل کی طوفانی اننگز میں نیا عالمی ریکارڈ
03:29PM Tue 24 Feb, 2015
بھٹکلیس نیوز / 24 فروری، 15
عالمی ورلڈ کپ کے پول بی کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کرس گیل نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی ڈبل سنچری کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں زمبابوے کے خلاف میچ میں کرس گیل نے اپنا روایتی جارحانہ انداز اپنایا۔انھوں نے 147 گیندوں پر اپنی 215 رنز کی اننگز میں 16 چھکے اور 10 چوکے لگائے اور مجموعی طور پر 136 رنز باؤنڈریوں سے حاصل کیے۔
35 سالہ کرس گیل نے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرز اور بھارت کے روہت شرما کا ایک روزہ میچ کےدوران 16 چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی برابر کیا ہے۔انھوں نے عالمی کپ کی تاریخ میں نہ صرف سب سے زیادہ انفرادی سکور کیا بلکہ ایک روزہ میچوں میں پہلے غیر بھارتی کھلاڑی رہے جو 200 کے ہندسے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔میچ میں گیل نے سیمیولز کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی 372 رنز کی شراکت کر کے ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔اس سے پہلے ایک روزہ میچوں میں دوسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت داری 331 رنز تھی۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرکِ انفو کے مطابق کرس گیل نے میچ کے بعد کہا کہ ان پر سکور کرنے کے حوالے سے بہت زیادہ دباؤ تھا۔’میرے کرئیر میں پہلی دفعہ بہت سارے لوگ چاہتے تھے کہ میں سکور کروں، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغامات آ رہے تھے، میں نے پہلی بار دیکھا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ میں کارکردگی دکھاؤں، خوش ہوں کہ انھیں مسکرانے کے لیے کچھ دیا۔‘
کرس گیل کے مطابق ڈبل سنچری سکور کرنے پر بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ بھارتی کھلاڑی روہت شرما کی ڈبل سنچری کے بعد ان کے بہت سارے مداحوں نے انھیں ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ بھی ان سے ڈبل سنچری کی توقع کر رہے ہیں اور مجھے خوشی ہوئی کہ آج موقع ملا اور میں نے ایسا کر دکھایا۔
اس تاریخی اننگز کے بارے میں کرس گیل نے کہا کہ ’شروع میں جدو جہد کرنا پڑی، میں تھوڑا ڈر بھی محسوس کر رہا تھا، پہلی گیند کا بھی، یہ ایسا تھا کہ ہاں تم سنجیدہ نہیں ہو، میں پہلی گیند پر آؤٹ نہیں ہو سکتا، مجھے ایک موقعے کی ضرورت ہے اور مجھے موقع ملا اور میں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔‘