میسورمیں حضرت ٹیپو سلطان ؒ کا یوم پیدائش

02:46PM Sun 5 Nov, 2017

میسور 5نومبر ( نامہ نگار )یہاں میسور میں ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے میسور کے سابق مئیر و وارڈ نمبر 52کے کارپوریٹر ایوب خان نے کہا ہے کہ فرقہ پرست تنظیموں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی سخت مخالفت کے باوجود ریاستی وزیر اعلیٰ سدرامیا ریاستی سطح پر حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کے یوم پیدائش کو منانے کے انتظامات کئے تھے اور امسال بھی مسلمانوں کے ہمدرد وزیر اعلیٰ سدرامیا نے 10نومبر کو ساری ریاست میں اعلیٰ پیمانے پر حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کا یوم پیدائش منانے کا اعلان کیا ہے۔سدرامیا کے اس اعلان کے تحت 10نومبر بروز جمعہ صبح 10 بجے میسور کے کلامندر میں حضرت ٹیپوسلطان شہید ؒ یوم پیدائش منانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق مئیر ایوب خان نے اپنے اخباری بیان میں ریاست کے تمام مسلمانوں سے عموماً اور میسور کے برادران اسلام سے خصوصاً اپیل کی ہے کہ مورخہ 10نومبر کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کثیر تعداد میں حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کے یوم پیدائش کے جلسہ میں شرکت کریں۔انہوں نے تمام اسکولوں اور عربی مدارس کے منتظمین سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اپنے بچوں کے ہمراہ جلسہ میں شرکت کریں۔ اور بچوں کو اپنے اپنے مدرسہ اور اسکولوں سے جلسہ گاہ تک لانے اور لیجانے کے لئے بسوں کا انتظام کرلیں اور وقت مقررہ پر جلسہ میں شرکت کرکے اس جلسہ کا کامیاب بنائیں اور حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کو خراج عقیدت پیش کرے۔