اُردو یونیورسٹی میں دیواری پرچہ کے نئے شمارہ کی رسم اجراء
03:37PM Tue 2 May, 2017
اسلامک اسٹڈیز کے طلبہ کی وداعی تقریب
حیدرآباد، (بھٹکلیس نیو) شعبہ اسلامک اسٹڈیز، اردو یونیورسٹی میں دیواری پرچہ ’’اسلامی مطالعات‘‘ کا نیا شمارہ منظر عام پر آیا۔ اس کی رسم اجراء اساتذہ شعبہ نے انجام دی۔ اس دیدہ زیب شمارہ میں اداریہ اور خبر نامہ کے علاوہ دس مقالات ومضامین شامل ہیں، جس میں ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ نے حصہ لیا۔ اس موقع پر نصابی اور معاون نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ کو اساتذہ شعبہ کی جانب سے انعامات سے نوازا گیا۔ بہترین حاضری پر سال اول سے صلاح الدین اور سال دوم سے محمد طفیل اور سلیمان سعود کو انعامات دئیے گئے۔ ایم اے کے تین سمسٹرز میں بہترین نمبرات پر ابوالکلام (سال دوم )نے انعام حاصل کیا۔ دیواری پرچہ میں بہترین حصہ داری پر صالح امین (پی ایچ ڈی )کو انعام سے نوازا گیا۔ الوداعی تقریب کی مناسبت سے سا ل اوّل کے طلبہ نے فارغ ہونے والے ساتھیوں کو یاد گاری تحائف دئے۔ فارغ ہونے والے طلبہ کی جانب سے ابو الکلام اور گلزار وانی نے تاثرات پیش کئے۔ پروگرام کی دلچسپی میں اضافہ کے لئے ایم اے سال دوم کو چند کردار ادا کرنے کا کام دیا گیا، جسے انہوں نے خوش اسلوبی سے نبھایا۔ ڈاکٹر محمد فہیم اختر (صدر شعبہ)نے کہا کہ اس موقع پر آپ کی زندگی کا نیا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ ممکن ہے کہ جو یہاں پیچھے ہوں وہ میدان عمل میں آگے نکل جائیں اور جو یہاں آگے ہوں وہ کسی وجہ سے پیچھے رہ جائیں۔ آپ شعبہ کی شناخت کو برقرار رکھیں۔تحقیق کے بغیر کسی بھی مسئلہ پر قلم نہ اٹھائیں، یہ بات گرہ سے باندھ لیجئے کہ پہلے سے ٹوٹی ہوئی ملت کو مزید منتشر مت کیجئے۔ پروگرام کاآغاز مشتاق احمد خطیب (ایم اے سال اول)کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ رضوانہ بیگم (ایم اے سال اول)نے نعت شریف پیش کی۔ شیخ نعیم النساء اور ریشماں انجم (ایم اے سال اول) نے الوداعی ترانہ پڑھ کر ماحول کو پر نم کیا۔ نظامت کے فرائض صلاح الدین اور ریشماں انجم نے ادا کئے۔