کشمیر میں افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت : فارق عبداللہ
03:34PM Wed 31 Oct, 2018
نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں وکشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں جاری بے چینی، غیر یقینیت اور افراتفری کے ماحول پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی اور مرکزی حکومتوں سے کہا کہ افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سری نگر کے مضافاتی علاقہ حضرت میں منعقدہ ایک تقریب میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے وادی کشمیر کے موجودہ حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ سابق پی ڈی پی -بی جے پی حکومت نے مرکز کی غلط پالیسیوں کو من و عن ریاست میں عملایا، جس کا نتیجہ ہم آج بخوبی زمینی سطح پر دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا’ پی ڈی پی نے جس طرح کشمیریوں کی پیٹ پر چھرا گھونپ کر بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا اور آر ایس ایس کے خاکوں میں رنگ بھرنے کے لئے جو رول نبھایا وہ یہاں کے عوام کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے‘۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ فرقہ پرست طاقتیں آئین ہند کی دفعہ 370 کے ساتھ ساتھ دفعہ 35اے کو بھی ختم کرنے کے پیچھے لگی ہیں، جس کے تحت ریاست کے لوگوں کو خصوصی جمہوری اور آئینی حقوق حاصل ہوئے ہیں۔