گوا: کانگریس ارکان اسمبلی نے راج بھون پہنچ کر کیا حکومت سازی کا دعویٰ

02:59PM Mon 17 Sep, 2018

گوا میں کانگریس ممبران اسمبلی نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا ہے۔  پیر  کو    کانگریس  کے ارکان اسمبلی راج بھون کے باہر جمع ہوئے اور گوا میں کانگریس حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا۔ حالانکہ، ارکان کی گورنر مردولا سنہا سے ملاقات نہیں ہو پائی ہے۔ گورنر ابھی گوا سے باہر ہیں۔ گوا میں کانگریس قانون ساز گروپ کے سربراہ چندرکانت کولیکر نے بتایا کہ ہم نے دو میمورنڈم سونپے ہیں۔ لوگوں نے پانچ سال کے لئے سرکار چنی تھی لیکن اگر موجودہ حکومت کام کرنے میں اہل نہیں تو ہمیں موقع ملنا چاہئے۔ ہم حکومت چلا لیں گے۔ کولیکر نے ساتھ ہی کہا کہ ریاست میں ہم ہی سب سے بڑی پارٹی ہیں۔ ایسے میں پہلے ہی ہمیں موقع ملنا چاہئے تھا۔ آپ ہی دیکھئے، آج حکومت کیسے کام کر رہی ہے۔ سرکار ہوتے ہوئے بھی نہ کے برابر ہے۔ بتا دیں کہ تمام کانگریس کے ایم ایل اے گورنر سے بغیر وقت مانگے راج بھون پہنچے۔ جہاں پہنچ کر انہوں نے حکومت سازی کا دعویٰ کیا اور نعرے بازی کی۔ غور طلب ہے کہ آج گوا میں بی جے پی کے کور گروپ کی میٹنگ بھی تھی۔ گوا میں وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کی طبیعت خراب ہونے کے بعد وہ دلی کے ایمس میں زیر علاج ہیں۔ اس دوران بی جے پی میں نیا وزیر اعلیٰ بنائے جانے کو لے کر ہلچل چل رہی ہے۔