کل سے آئندہ ایک ہفتہ کے لیے بھٹکل کو کیا جائے گا لاک ڈاون؛ ضلع بھر میں امتناعی احکامات کے تحت دفعہ 144 /نافذ

09:36AM Mon 23 Mar, 2020

کاروار/بھٹکل: 23 مارچ، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  دبئی سے آنے والے ایک بھٹکلی نوجوان کو کورونا وائرس کا مریض پائے جانے کے بعد اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بھٹکل کو اگلے ایک ہفتہ تک لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا ہے  جبکہ ضلع بھر میں کل صبح سے امتناعی احکامات کے تحت دفعہ 144/ نافذکرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ کاروار میں اخباری نمائندوں سے  بات کرتے ہوئے اُترکینرا کے  ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ  بھٹکل میں غیر ممالک سے آنے والوں کی تعداد  بہت زیادہ ہے اور یہاں کے قریب 40/فیصد لوگ بیرونی ممالک میں رہتے ہیں جس کی وجہ سے یہ اقدام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ممالک سے بھٹکل آنے والوں کو اس سے قبل تاکید کی گئی تھی کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں،  اس کو یقینی بنانے کے لیے ان دنوں میں ان کی نگرانی کی جائے گی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈی سی نے بتایا کہ امتناعی احکامات کل صبح چھ بجے سے شروع ہوکر  30 مارچ رات بارہ بجے تک جاری رہیں گے۔ خیال رہے کہ لاک ڈاون کے دوران  تمام بازار اور کاروباری ادارے بند رہیں گے، البتہ ضروری اشیاء جیسے کھانا، دودھ، مچھلی، گوشت، ترکاری اور دوائیوں کی دکانیں کھلی رہیں گی۔