بھٹکل کے سابق ایم ایل اے آر این نائک کی بھٹکل آمد؛ اخباری کانفرنس میں آننت کمار پر لگائے مختلف الزامات
12:59PM Fri 24 Nov, 2017
بھٹکلیس نیوز / 24 نومبر،2017
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) بی جے پی لیڈر بھٹکل کے سابق ایم ایل اے اور سابق ریاستی وزیر مسٹر آر این نائک بھٹکل آئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے اخباری کانفرنس میں آننت کمار پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ انہو ں نے آننت کمار کو مطلبی اور پھوٹ ڈالنے والاقراردیتے ہوئے کہا کہ چترنجن کی موت کو یہ لوگ صرف ووٹ وصول کرنے اور لوگوں کے جذبات کو بھڑکانے کے لئے استعمال کرتے ہیں حلانکہ اس کا اصل فائدہ بی جے پی اور آننت کمار کو ہی ہوا ہے۔
انہوں نے آگے کہا کہ آننت کمار کو مرکزی وزیر ہونے کی بناء پر چاہئے تھا کہ وہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلتے اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے لیکن یہ سب کرنے کے بجائے آننت کمار نفرت کی سیاست کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے چترنجن قتل معاملہ کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کا قتل 1996 میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے ابھی تک بی جے پی کے افراد ان کے قاتلوں کو پکڑنے کے بجائے اس کو حوالہ بنا کر اپنی سیاسی روٹیاں سینک رہے ہیں، انہوں نے بھٹکل کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور چترنجن کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی مانگ کریں تاکہ مخالف پارٹیوں کو نفرت پھیلانے کا موقع نہ ملے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ حلانکہ بی جے پی سے ہیں لیکن وہ نفرت کی سیاست کرنا نہیں چاہتے بلکہ وہ ترقی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں ۔
خیال رہے کہ آر این نائک بھٹکل میں چترنجن سے قبل کانگریس پارٹی کی جانب سے انتخابات لڑتے ہوئے دو مرتبہ الیکشن جیت چکے ہیں اور ایک مرتبہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے بھی رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور کئی مہینوں تک ریاستی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔تاہم اب وہ بی جے پی میں ہیں اور سیکولر اقدار پر مبنی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔