الور ہجومی تشدد کیس میں چارچ شیٹ داخل ، وی ایچ پی کارکن سمیت تین پر رکبر خان کو مارنے کا الزام
02:58PM Fri 7 Sep, 2018
الور میں رکبر خان کو گئو اسمگلر بتایا کر پیٹ پیٹ کر قتل کردئے جانے کے مشہور واقعہ میں الور پولیس نے جمعہ کو رام گڑھ کی سول کورٹ میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔ تین ملزمین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302 ، 341 ، 323 اور 34 کے تحت چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔لیکن پولیس اہلکاروں سمیت دیگر ملزمین کے خلاف جانچ پینڈنگ رکھی گئی ہے۔ ان ملزمین میں پولیس کو اطلاع دینےو الا وی ایچ پی کا کارکن نول کشور بھی شامل ہے۔
پولیس اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ داخل نہیں کرنے پر الور پولیس نے وضاحت پیش کی ہے کہ ان کے خلاف مجسٹریٹ جانچ جاری ہے ۔ جانچ کے بعد ہی طے ہوگا کہ وہ قصوروار ہیں یا نہیں ۔ جن تین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ، ان میں ملزم پرمجیت ، دھرمیندر اور نریش کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
عدالت میں پیش کی گئی 25 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ للاوڑی گاوں کے پاس رکبر خان کا پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا ۔ اس واقعہ کے وقت رکبر خان اپنے ساتھی کے ساتھ گایوں کو لے کر جارہا تھا۔