بابارام دیو نے غدار وطن کی تعداد میں اضافہ کیا
02:22PM Wed 23 Nov, 2016
ان کے منہ میں منہ میں گھی شکر ڈالاجائے:شمائل نبی
نئی دہلی،(ایف او یس)
آل انڈیامسلم کانفرنس کے صدر اور بہار کے سابق وزیر شمائل نبی نے اپنے ایک بیان میں آج کہاکہ بابارام دیوکے منہ میں گھی شکر ڈالاجائے،کیوں کہ انہوں نے ایسے لوگوں کو جو نوٹ بند ی کے خلاف بول رہے ہیں انہیں غداروطن قراردیاہے،انہوں نے کہاکہ ابھی تو کچھ لوگوں کے ذریعہ صرف مسلمانون کو غداروطن سمجھاجاتاتھااب جبکہ بابارام دیوکے مطابق وہ لوگ بھی غداروطن ہیں جو نوٹ بندی کی مخالفت کررہے ہیں اور بینکوں کی قطار میں کھڑے ہونے سے پریشان ہوکرحکومت کے فیصلہ کی مخالفت کررہے ہیں،اس لئے اب غداروطن کی تعداد بڑھ گئی ہے اور مسلمانوں کے علاوہ کچھ دوسرے لوگوں کو بھی شامل کرلیاگیاہے،شمائل نبی نے کہاکہ یہ ایسی بات ہے جس کے لئے بابارام دیو نہ صرف تعریف کے مستحق ہیں بلکہ ان کے منہ میں گھی شکر بھی ڈالاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ بہت ہی حیرت کی بات ہے کہ جو لوگ صحیح اور مبنی بر حقیقت باتیں کررہے ہیں،نوٹ بندی کے فیصلے سے شدید پریشان ہوکر اس فیصلہ کی مخالفت کررہے ہیں انہیں غداروں کے زمرے میں شامل کیاجارہاہے،یہ ملک کی جمہوریت اور آئین کے بالکل خلاف ہے،ایسے لوگوں ک کچھ بولنے سے قبل سو مرتبہ سوچناچاہئے کہ وہ کیا بول رہے ہیں اور اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔واضح رہے کہ 1000 اور 500 کے نوٹ بندکئے جانے پورے ملک میں ہاہاکار مچاہواہے اور ہر طرف افراتفر ی کا عالم ہے ،امیر وغریب اور سبھی طبقہ کے لوگ سبھی پریشان ہیں اور پورا ملک تمام کاموں کو چھوڑ کر لائن میں لگاہواہے ،ایسے میں نوٹ بندی کے فیصلہ کی مخالفت کرنے والوں کے بارے میں بابارام دیونے یہ کہاہے کہ نوٹ بندی کی مخالفت کرنے والے غداروطن ہیں۔