آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے آل انڈیا مسلم خواتین ہیلپ لائن شروع کی
03:36PM Wed 30 Nov, 2016
نئی دہلی۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے عائلی مسائل میں مسلم خواتین کی رہنمائی کے لئے آج ایک مسلم خواتین ہیلپ لائن ٹول فری نمبر کا آغاز کیا۔ مسلم ویمن ہلپ لائن کا ٹول فری نمبر1800 102 8426 ہے۔ ابتداء میں اسے سات زبانوں ،اردو، انگلش، ٹامل،بنگالی، تلگو، ملیالی، کنڑا میں شروع کیا گیا ہے اور کوئی بھی مذکورہ فون نمبر پر صبح 10 بجے دن سے 5 بجے شام تک فون کرکے مفت میں رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق بورڈ کے 25ویں اجلاس منعقدہ کولکاتا میں عائلی، ازدواجی، طلاق ،خلع ،نان و نفقہ وراثت کے مسائل سے پریشان حال مسلم خواتین کی رہنمائی اور مدد کیلئے ایک کل ہند سطح پر مسلم ویمن ہیلپ لائن ٹول فری کال سنٹر کا اعلان کیا گیا تھا۔ آج سے اس مفت خدمات کا آغازکردیا گیا ہے۔
مسلم ویمن ہیلپ لائن کے قیام کا مقصد ایسی خواتین جو شادی بیاہ ، طلاق و خلع ،فسخ نکاح کے معاملے میں شریعت اسلامی کے تحت مناسب رہنمائی و رہبری چاہتی ہوں انکی مدد کرنا ہے۔ ہیلپ لائن کے قیام کا مقصد یہ بھی ہے کہ غیر مجاز،نام نہاد کونسلنگ سنٹروں، آندولنوں اور گمراہ خاتون والنٹیرس کے استحصال سے مسلم خواتین کو بچایا جائے اور شریعت اسلامی کے مطابق بروقت رہنمائی اور مددکی جائے۔ بلا کسی تفریق و فرقہ ،مکتب ومسلک ،جماعت وگروہ کے تمام مسلم پریشان حال خواتین ہیلپ لائن کی خدمت سے استفادہ کرسکتی ہیں۔
بورڈ کی کوشش ہے کہ آئندہ چھ ماہ میں مزید دوسرے علاقائی زبانوں میں بھی ان خدمات کو وسعت دی جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ خواتین اپنے سولات اور مسائل مندرجہ ذیل ای میل آئی ڈی aimwhl2016@gmail.com پرارسال کرسکتی ہیں۔