سعودی نائب ولی عہد محمد بن سلمان کی امیر قطر سے ملاقات
02:47PM Sat 13 Jun, 2015
العربیہ ڈاٹ نیٹ
سعودی عرب کے نائب ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں خلیجی مملکتوں کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطر کے شاہی محل میں جمعہ کے روز ہونے والی اس ملاقات میں بین الاقوامی تعلقات اور مشترکہ باہمی مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ تمیم نے سعودی وزیر دفاع اور نائب وزیر اعظم دوئم محمد بن سلمان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے اعزاز میں پرتکلف عشایئہ کا بھی اہتمام کیا۔
اس موقع پر قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حماد الثانی کے علاوہ سعودی عرب کے وزیر ثقافت اور اطلاعات ڈاکٹر عادل بن زید الطریفی، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن خالد بن عبدالرحمان العیسی بھی موجود تھے۔