خانہ کعبہ کا مطاف ’غیر عمرہ زائرین‘ کے لئے کھولا گیا

03:09PM Sat 7 Mar, 2020

سعودی عرب کی حکومت نے خانہ کعبہ کو عمرہ زائرین کے سوا باقی تمام مسلمانوں کے طواف کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ مطاف کی صفائی اور کرونا وائرس سے حفاظت کے لیے اختیار کردہ تدابیر کے پیش نظر مطاف کو خالی کرانے کے بعد آج ہفتے کو علی الصباح طواف کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔
 حرمین شریفین کی جنرل پریزیڈنسی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے ایک بیان میں کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے غیر معتمرین کے علاوہ دیگر تمام زائرین کے لیے خانہ کعبہ کے مطاف کو آج ہفتے کی صبح سے کھولنے کے احکامات دیئے ہیں۔
 ڈاکٹر السدیدس نے مسجد حرام میں آنے والے نمازیوں اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کی طرف سے اختیار کردہ حفاظتی اقدامات کی پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسجد حرام اور مسجد نبوی میں آنے والے نمازیوں کی حفاظت، مقامی شہریوں اور مملکت میں مقیم مسلمانوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
 حرمین شریفین کے آئمہ کرام نے بھی حکومت کی طرف سے کرونا وائرس کی وجہ سے عمرہ کی ادائی پرعارضی پابندی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے شرعی اصولوں کے عین مطابق قرار دیا ہے۔