یوگی کو وزیراعلیٰ بنانابی جے پی کا چونکانے والا فیصلہ:سی پی ایم

03:08PM Mon 20 Mar, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم)نے کٹر ہندوتو شبیہ والے یوگی آدتیہ ناتھ کو اترپردیش کا وزیر اعلی بنائے جانے کی سخت تنقید کرتے ہوئے اسے بی جے پی کا حیران کن فیصلہ قرار دیا ہے۔انہوں نے مودی حکومت کے’ سب کا ساتھ، سب کا وکاس ‘ کے دعوے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔سی پی ایم کے پولٹ بیورو نے اتوار کو بیان جاری کر کے کہا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی کے طور پر یوگی آدتیہ ناتھ کی تقرری بی جے پی کا ایک چونکانے والی فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگی اصل میں آر ایس ایس کی پسند ہیں، سنگھ نے بی جے پی کے ذریعے یہ جان بوجھ کر قدم اٹھایا ہے۔پارٹی کا ماننا ہے کہ یہ یوپی کے لیے نقصان دہ ہو گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آدتیہ ناتھ ایک مشہور ہندوتو نظریاتی بنیاد پرست ہیں ، جن کا فرقہ وارانہ تشدد کو بھڑکانے کا ریکارڈ ہے، جس کی وجہ سے ان کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات زیر التوا ہیں،وہ نسل پرستانہ خیالات کے بھی حامی ہیں۔آدتیہ ناتھ کے انتخاب نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی کے ایجنڈے والے دعوے کی پول کھول دی ہے۔انہوں نے ایسا کر کے’سب کا ساتھ، سب کاوکاس ‘کے اپنے نعرے کا مذاق بنا دیا ہے۔پارٹی نے کہا کہ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے اترپردیش میں تمام جمہوری اور سیکولر طاقتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا، تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔