اسلامیہ عربک کالج منصورہ میں ضلعی سطح کے کراٹے مقابلوں کا شاندار انعقاد
02:56PM Sun 17 Nov, 2013
اسلامیہ عربک کالج منصورہ میں ضلعی سطح کے کراٹے مقابلوں کا شاندار انعقاد
بھٹکلیس نیوز / 17 نومبر، 13
ہاسن/(راست) کھیل کود اور ورزش سے انسان کو صحت بخش زندگی عطا ہوتی ہے اور اس کے ذریعہ آدمی کے اندر کچھ کر گذرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔ کراٹے ایک ایسا فن ہے جس میں مہارت حاصل کر کے کسی بھی موقع پر آدمی اپنا بچاؤ کرنے میں کا میاب ہوجا تا ہے اور اس فن کے ذریعے خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ کسی پر حملہ کرنا آسان ہے لیکن حملہ آور کے حملے سے خود کو بچانا بڑی مہارت کا کام ہے ۔ یہاں کے اسلامیہ عربک کالج منصورہ آلور ہاسن میں منعقد ضلعی سطح کے کراٹے کے مقابلوں کے اختتامی سیشن میں طلبہ اورسرکاری مہمانوں سے سامنے گفتگو کرتے ہوئے منصورہ کے پرنسپل منور پاشاہ نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند دماغ صحت مند جسم کے اندر ہی پروان چڑھ سکتا ہے اس لئے طلبہ اپنے دل و دماغ کے ساتھ اطراف کے ماحول کو بھی شفاف بنائے رکھیں ۔ خیال رہے کہ منصورہ میں پہلی بار سرکارکی نگرانی میں ہاسن ضلع کے کراٹے کے مقابلے ہوئے تھے جس میں ضلع ہاسن کے مختلف ہائی اسکول و پرائمری اسکول کے کل 150 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ منصورہ میں کراٹے کی ٹریننگ پر مامور قدیم اور تجربہ کار استاد جناب ماسٹر ذبیح اللہ ( بلیک بلیٹ ) نے منور پاشاہ کی زیر نگرانی بحیثیت آر گنائزر بحسن و خوبی انتظام و نصرام کی ذمہ داری سنبھالی جن کے ساتھ اسکول کے فزیکل ایجوکیشن ٹیچر شمس الدین جمعدار شانہ بشانہ موجود تھے ۔
واضح رہے کہ شام قریب چھ بجے تمام مقابلے اختتام کو پہنچے ، اور اس اختتامی نشست میں ڈی ڈی پی آئی ہاسن ، بی ای او آلور ، ڈی یس پی او ہاسن ، اور بی آر سی آلور وغیرہ موجود تھے ۔ کل 23انعامات تقسیم کئے گئے ، جن میں منصورہ کے دو طلبہ ریاستی سطح کے مقابلوں میں شرکت کے حقدار قرار دئے گئے ۔ ضلع بھر سے کل 16ماہر امپائروں کی خدمات لی گئی تھیں۔ اس موقع پر اسٹیج پر موجود مہمانوںنے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی ۔آخیر میں تمام سرکاری مہمانوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے متعلق لیٹریچر دیا گیا جسے محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں نے قبول کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ۔ یاد رہے کہ اسلامیہ عربک کالج منصورہ میں گذشتہ۲۷ سالوں سے طلبہ کو کراٹے کی تعلیم دی جارہی ہے جس کی وجہ سے اب تک ریاستی اور ملکی سطح پر منعقد ہونے والے کئی ایک مقابلوں میں یہاں کے طلبہ شریک ہوچکے ہیں بعض طلبہ نے بین الاقوامی سطح پرہونے والے مقابلوں میں بھی شرکت کی ہے۔