سپریم کورٹ کا حکم - دو ہفتے میں پوری ہو جانچ، ناگیشور راؤ نہیں لیں گے کوئی بڑا فیصلہ
12:30PM Fri 26 Oct, 2018
سپریم کورٹ میں سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کی عرضی پر سماعت مکمل ہو گئی ہے۔ سی جے آئی رنجن گوگوئی نے سی وی سی کو دو ہفتے میں جانچ مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ عبوری ڈائریکٹر ناگیشور راو کسی بھی طرح کا پالیسی فیصلہ نہیں لے پائیں گے۔
بتا دیں کہ آلوک ورما نے مرکز کی طرف سے خود کو چھٹی پر بھیجے جانے کے فیصلہ پر عرضی دائر کی ہے۔ آلوک ورما نے اپنی عرضی میں مرکزکی طرف سے انہیں چھٹی پر بھیجے جانے اورعبوری چارج 1986 بیچ کے ہندوستانی پولیس سروس کے اوڈیشہ کیڈر کے افسراورایجنسی کے جوائنٹ ڈائریکٹرایم ناگیشورراو کو سونپے جانے کے فیصلے پرروک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وہیں، دوسری طرف، راکیش استھانہ بھی چھٹی پر بھیجے جانے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے اس پورے واقعہ کو غیر آئینی بتایا ہے۔ کانگریس آج سی بی آئی دفتر کے باہر دھرنا اور مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس کے مدنظر سی بی آئی دفتر کے باہر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خودمختاری کو تباہ کررہے ہیں اور پارٹی اس کے خلاف آج سی بی آئی کے دفتروں کے باہر مظاہرہ کررہی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے اس سلسلہ میں ریاستی یونٹوں کو خط لکھ کر گیارہ بجے سے مظاہرہ شروع کرنے کیلئے کہا ہے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی کل شام پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ احتجاجی مظاہرہ سی بی آئی میں سرکار کی غیرقانونی مداخلت کے خلاف ہے۔