سرکاری اسکیموں کوعام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش ہوگی
02:01PM Fri 21 Apr, 2017
مسجد بیوپاریاں میں وزیر اوقاف تنویر سیٹھ کا اعلان
بنگلور::(بھٹکلیس نیوز)کرناٹک کے وزیر تعلیم، اقلیتی بہبود اور اوقاف جناب تنویرسیٹھ نے یقین دلا یا کہ اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی ترقی کیلئے حکومت کی اسکیموں کو عام لوگوں تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اس کیلئے اضلاع میں انفارمیشن سنٹرس بنائے جائیں گے اورمساجد کے ذریعہ بھی لوگو ں کومعلومات فراہم کئے جاسکتے ہیں آج یہاں شیواجی نگر کی مسجد بیوپاریاں میں جمعہ کی نماز کے بعد مصلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔جناب تنویر سیٹھ نے بتایا کہ موجودہ ریاستی حکومت نے اقلیتوں کیلئے جو بجٹ منطور کیا ہے دیگر ریاستوں میں ایسا نہیں ہے انہوں نے بتایا کہ ا قلیتوں کے بچوں کی تعلیم کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس مرتبہ مولانا آزاد ماڈل اسکول شروع کئے جارہے ہیں گورنمنٹ اُردو اسکولوں میں تعلیمی معیار بڑھانے اور بچوں کے مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے اُردو کے علاوہ دیگر زبانوں میں بھی تعلیم دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہپہلی تا دسویں جماعت کی کتابوں کو زعفرانی رنگ سے پاک رکھنے کے لئے باقاعدہ ایک نگران کمیٹی تشکیل دی گئی اور تمام سرکاری اسکولوں میں ڈرس کوڈ کا نفاذعمل میں آئے گا ۔جس کے تحت لڑکیوں کو دوپٹہ اوڑھنا پڑے گا ۔انہوں نے بتایا کہ اوقاف کے تحفظ کیلئے بھی کئی ایک اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ اس موقع پر مسجد بیوپاریاں کی کمیٹی کی طرف سے وزیر موصوف کی عزت افزائی کی گئی مسجد کے خطیب وامام حنیف افسر عزیزی نے جناب تنویر سیٹھ کا استقبال کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر موصوف نے بہ حیثیت وزیر تعلیم اسکول ٹکسٹ بکس سے قابل اعتراض موادکو ہٹایا سرکاری اسکول طلبا کیلئے ڈرس کوڈ نافذ کرواایا ۔ دینی مدارس میں کمپیوٹر س کی فراہمی۔ سرکاری اُردو ٹیچرس کیلئے ٹریننگ اور سرکاری اسکولوں میں انفرا اسٹر کچر کی فراہمی جیسے اقدامات قابل تعریف رہے ہیں ۔ مولانا حنیف نے بنگلور اربن ضلع کے وقف اڈوائزری کمیٹی کے چیرمین جناب سید شجاع الدین کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مسجد بیوپاریاں سے تعلق رکھنے والے وقف جائیدادوں کے ریکارڈس بنانے میں جوکام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اس موقع پر جناب سید شجاع الدین اور دیگر احباب بھی موجود تھے۔