چامراج پیٹ حلقہ میں دیوے گوڈا کو ضمیر احمد خان کے خلاف نیا اُمیدوار مل گیا

03:40PM Thu 3 Aug, 2017

بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے چامراج پیٹ اسمبلی حلقہ میں مقامی رکن اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان کے خلاف ایک نئے اُمیدوار کو تلاش کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں ایک اُستاد اور شاگرد کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملیگا۔ دیوے گوڈا نے پادرائن پورہ کے کارپوریٹر اور نوجوان قائد عمران پاشاہ کو اُمیدوار کے طورپر کھڑا کرنے کا فیصلہ لیاہے اور اس کے لئے عمران پاشاہ نے اُمیدوار کے طورپر کھڑا ہونے کے لئے حامی بھرلی ہے ۔کل ضمیر احمد خان کا جنم دن تھا اور اس کے لئے ایک شاندار تقریب رکھی گئی تھی۔ جس میں ہندی فلموں کے اداکارر ارباز خان، سہیل خان ، سونوسود، گلشن گروور تیلگو فلموں کے مزاحیہ اداکار علی اور کنٹرا فلموں کی ہیروئن سنجنا اور ایندری تارائے اور دیگر کلاکاروں نے شرکت کی تھی اور ضمیر احمد خان کے قریبی ساتھی اور طرفدار بڑی تعداد میں حاضر تھے مگر ایک قریبی ساتھی عمران پاشاہ کا دور ۔ دور تک پتہ نہیں تھا۔ ہر سال ضمیر احمد خان کاجنم دن ہوتا تو کئی ہفتے قبل ہی سالگرہ کی تیاریاں ہوجاتی تھیں۔کئی مقامات پر فلیکس ، ہورڈنگس، فٹ آڈئس اور پوسٹرس لگتے تھے جس میں عمران پاشاہ اور ضمیر احمد خان کی تصویریں دکھائی دیتی تھیں۔اس موقعہ پر کئی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جاتا تھا۔ لوگوں کے لئے عام دعوت ، اسپتالوں میں مریضوں کو پھل اور دوائیوں کی تقسیم ، ہیلتھ کیمپ اور دیگر کئی پروگراموں کا انعقاد کیا جاتا تھا۔دوسری طرف ایک ریلی بھی نکالی جاتی تھی جس میں عمران پاشاہ سامنے دکھائی دیتے تھے۔ اب عمران پاشاہ اپنے استاد ضمیر احمد خان سے دور ہونے لگے ہیں اور پارٹی کے قومی صدر دیوے گوڈا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے خود کو ضمیر احمد خان کے جنم دن کی سالگرہ کی تقریب سے دور رکھا اور کہیں بھی ایک پوسٹر ، کٹ آؤٹ یا فلیکس بھی دکھائی نہیں دیا۔ دیوے گوڈا نے اعلان کیا ہے کہ اب عمران پاشاہ کو ہی امیدوا ربناکر ضمیر احمد خان کے سامنے کھڑا کیا جائے گا۔ حال ہی میں دیوے گوڈا نے چامراج پیٹ اسمبلی حلقہ میں پارٹی کا رکن کا اجلاس انعقاد کرکے ضمیر احمد خان کے مقابل ایک نئے امیدار کو کھڑا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ضمیر احمد خان نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اگر جے ڈی ایس کا کوئی بھی اُمیدوار انہیں شکست دیگا تو وہ اپنا سرکاٹ کر دیوے گوڈا کے قدموں میں کھ دینگے۔دیوے گوڈا اور ان کے فرزند ایچ ڈی کمار سوامی نے اس چیلنج کو قبول کیا ہے اور ہر حال میں ضمیر احمد خان کو ہرانے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے لگے ہیں۔ اب چامراج پیٹ حلقہ میں کس کی کامیابی حاصل ہوگی یہ تو آنے والے وقت ہی بتائے گا۔