Lion Sports Centre to mark 50 years with a series of events; Golden jubilee celebrations to begin on December 4
09:02PM Fri 27 Nov, 2026
بھٹکل: 27 نومبر، 2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کھیلوں کے میدان میں کامیابیوں اور سماجی، تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی منفرد شناخت قائم کرنے والا لائن اسپورٹس سینٹر اپنے پچاس سالہ سفر کی تکمیل پر 4 دسمبر سے گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز کرنے جارہا ہے۔ اس کی اطلاع اسپورٹس سینٹڑ کے دفتر میں منعقد اخباری کانفرنس میں دی گئی۔
1977 سے منظم طور پر سرگرم اس ادارے کی گولڈن جوبلی کا افتتاح 4 دسمبر کو شام 4 بجے نوائط کالونی کے وائی ایم ایس اے میدان (تعلقہ اسٹیڈٰم) میں ہوگا۔ اس موقع پر مختلف پروگراموں کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں کرکٹ ٹورنامنٹ، تعلیمی ایوارڈ تقریب، حفاظ پروگرام اور میڈیکل کیمپ شامل ہیں۔
افتتاح کے اگلے روز تعلقہ سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا، جس میں بھٹکل کی 33 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کے بعد جنوری 2027 سے پورے سال گولڈن جوبلی کے تحت مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
ان تقریبات کے ذریعے لائن ٹیم کی پانچ دہائیوں پر محیط سماجی و فلاحی خدمات، کھیلوں میں کامیابیوں اور دینی و عصری تعلیمی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتوں اور خدمات کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔
نائب صدر محمد مشتاق محتشم (منڈے) کی صدارت میں منعقدہ اس پریس کانفرنس میں سرگرم رکن ارشاد گوائی نے پروگراموں کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ سکریٹری عرفات عسکری نے تقریبات کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ کنوینر محمد حسین عسکری نے عوام سے پروگراموں میں شرکت کرکے انہیں کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
اس موقع پر جناب نعیم موٹیا، ذوالقرنین آرمار اور ابرار مُلّا سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔