کاروار میں بہت جلد کورونا مریضوں کی جانچ کے لیے تیار ہوگی لیبارٹری: اتر کینرا ڈپٹی کمشنر کا بیان

03:15PM Thu 16 Apr, 2020

کاروار: 16 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو)"ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کے نمونوں کی جانچ کے لیے لیباریٹری تیار کرنے کی منظوری مل گئی ہے جس پر جلد ہی کام شروع کیا جائے گا"۔ اس کی اطلاع اترکینرا کے ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ لیباریٹری بہت جلد ہی بن کر تیار ہوگی۔ ڈی سی نے کہا کہ اترکینرا ضلع میں فی الحال کورونا کے صرف تین ہی مریض ہیں جس میں سے دو کاروار کے پتنجلی اسپتال میں ہیں اور ایک خاتون کا علاج اڈپی میں چل رہا ہے جن میں تینوں کی بھی صحت بہت ہی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کورونا کے مرض سے صحت یاب ہونے والوں کو بھٹکل کے ایک نجی ہوٹل میں کورنٹائن کیا گیا ہے۔ موصوف نے یہ بھی صاف کیا کہ اگرچہ اترکینرا ضلع کو ریڈ زون سے نکال کر اورینج زون میں شامل کیا گیا ہے لیکن اگلے احکامات تک بھٹکل میں لاک ڈاؤن کی صورت حال جوں کی توں برقرار رہے گی اور اس میں کسی طرح کی ڈھیل نہیں دی جائے گی۔ ڈی سی نے بتایا کہ کورونا کی تشخیص کے لیے ضلع میں دو بار گھر گھر جاکر سروے کیا جاچکا ہے جبکہ تیسرا سرو اس ماہ کے آخر تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ اس موقع پر ضلع پنچایت سی ای اور محمد روشن نے بتایا کہ کاروار میں تیار ہونے والی لیبارٹری میں دو قسم کی مشینیں ہوں گی جس سے مریضوں کی جانچ میں بہت آسانی ہوگی اور رپورٹ کے لیے کسی انتظار کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔