ریاست میں بھی کورونا کی دہشت کا اثر؛ تعلیمی ادارے،مالس ،سنیما گھراور کلب وغیرہ کو بند رکھنے کا حکومت نے دیا حکم
04:15PM Fri 13 Mar, 2020
بنگلور؍بھٹکل: 13 مارچ، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) دنیا بھر کے عوام کو دہشت زدہ کرنے والے کورونا کے وائرس (COVID-19)کے اثرات سے احتیاط برتنے ریاستی حکومت نے بھی کمر کس لی ہے۔اسی کے پیش نظر کل ہفتہ کے روز سے تعلیمی اداروں سمیت شاپنگ مالس، سنیما گھر، شراب خانے،کلب وغیرہ کو ایک ہفتے تک کے لیے بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کی صدارت میں آج جمعہ کے دن ودھان سودھا میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں یہ حکم سنایا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ پہلی جماعت سے چھٹی جماعت کے طلبہ کو سالانہ امتحان کے بغیر ہی کامیاب کیا جائے گااور اگلے درجہ میں بٹھایا جائے گا۔جبکہ ساتویں سے دسویں تک کے امتحانات اپنے وقت پر ہی ہونگے۔
عوامی مجمع پر جو ایک ہفتے کی پابندی لگائی گئی ہے اس کے دوران کھیلوں کے مقابلے، طلبہ کے لئے سمر کلاسس، مذہبی تہواروں کا انعقاد ، شادی خانوں میں شادیوں کی تقریبات اوردیگر مقامات پر عوامی کانفرنس یا اجلاس بھی منعقد نہیں ہوسکیں گے۔ اسی طرح مندروں کے تہواروں سے متعلقہ جلوس بھی نہیں نکالے جاسکیں گے۔البتہ اسمبلی کا جو سیشن چل رہا ہے وہ حسب معمول جاری رہے گا۔ اور سرکاری دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔
بھٹکل کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان: ریاستی حکومت کے اس فیصلہ کی تعمیل میں بھٹکل میں آج تمام اسکولوں نے پہلی جماعت سے چھٹی جماعت کے لیے گرمیوں کی چھٹی کا اعلان کردیا ہے اور سالانہ امتحان کو منسوخ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ساتویں، دسویں اور پی یوسی دوم کے امتحانات اپنی مقرر کردہ تاریخوں پر ہی منعقد ہوں گے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔