دہلی میونسپل کارپوریشن:سیٹوں کے ریزرویشن کو چیلنج کرنے والی عرضی ہائی کورٹ نے مسترد کی
02:15PM Fri 24 Mar, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)دہلی میونسپل کارپوریشن کے وارڈ کی حد بندی میں خواتین اوردرج فہرست ذات کے امیدواروں کے لیے سیٹوں کے ریزرویشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کو دہلی ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا ہے۔جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس چندر شیکھر کی بنچ نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ایک این جی او کے علاوہ کئی درخواستوں میں سیٹوں میں روٹیشن کو نظر اندازکئے جانے کی شکایت کی گئی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے حال ہی میں جاری نوٹیفکیشن میں صرف خواتین کے لیے مخصوص سیٹوں کے فارمولے کو برقرار رکھا گیا ہے، کئی اسمبلی سیٹوں میں تمام وارڈوں کو ریزرو کرکے جنرل زمرے کے امیدواروں کو انتخاب لڑنے کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ تینوں میونسپل کارپوریشنوں میں وارڈوں کی تعداد تو ایک جیسی ہے لیکن کچھ اسمبلیوں میں وارڈوں کی تعداد تبدیل کردی گئی ہے۔جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن اور نئی دہلی مہانگرپالیکا میں ایک سو چار وارڈ ہیں جبکہ مشرقی دہلی میں 64 وارڈ ہیں۔درخواست میں اس نوٹیفکیشن کو منسوخ کرکے دہلی میونسپل کارپوریشن ایکٹ کی دفعات کے مطابق پھر سے نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو ہدایت دینے کی اپیل کی گئی تھی۔واضح رہے کہ دہلی میں میونسپل کارپوریشن انتخابات اپریل میں ہوں گے۔