اردوغان نے کی امریکہ کی سخت نکتہ چینی، کہا اس کا رویہ جنگلی بھیڑیوں کے جیسا

04:12PM Mon 3 Sep, 2018

ترک صد رجب طیب اردوغان نے امریکہ کے رویہ اور پابندیوں سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ترکی کے صدر اردوغان نے امریکہ کی جانب سے مزید پابندیاں عائد کرنے پر کہا ہے کہ امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیوں کے جیسا ہے اس پر بھروسہ نہ کیا جائے۔ کرغزستان کے دورہ کے دوران بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ ہمیں ڈالر کی اجارہ داری کے خاتمہ کے لیے بتدریج کام کرنا ہوگا جس کے لیے ہمیں اپنی قومی کرنسی میں تجارت کو فروغ دینا ہوگا۔ ترک صدر نے کہا کہ امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیوں جیسا ہے اس پر بھروسہ نہ کیا جائے، ڈالر کے استعمال سے ہمیں صرف نقصان ہی پہنچا ہے۔ ہم اس کا استعمال بند کردیں گے تب ہی ہم کامیاب ہوں گے۔ ترک میڈیا کے مطابق امریکی پادری کے معاملہ پر کشیدگی کے بعد سے حکومت ڈالر کے بجائے اپنی کرنسی لیرا میں دیگر ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کی مسلسل کوششوں میں مصروف ہے۔ اس ضمن میں روس اور ترکی کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
 خیال رہے کہ ترکی میں فوجی بغاوت کے لیے مدد دینے کے الزام پر امریکی پادری کی ترکی میں گرفتاری کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سخت کشیدگی جاری ہے کیوں کہ ترکی نے پادری کو رہا کرنے کے امریکی مطالبہ کو یکسر مسترد کردیا ہے۔امریکی پابندیوں کے بعد سے ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے اور ڈالر کے مدمقابل اس کی قدر 40 فیصد تک کم ہوچکی ہے۔