ویک اینڈ کرفیو پر بھٹکل میں پسرا سناٹا: پولس کی کڑی نگرانی

08:43AM Sat 24 Apr, 2021

بھٹکل: 24 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کورونا کویڈ 19 کی دوسری لہر کے بڑھتے اثرات کو روکنے کے لیے ریاستی حکومت کی طرف سے کل جمعہ کی شب 9 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک ویک اینڈ کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ اس کے چلتے کل رات ہی سے بھٹکل کے اکثر مقامات پر سناٹا نظر آرہا ہے اور مصروف ترین سڑکوں پر گویا خاموشی کی حکومت ہوگئی ہے۔ آج صبح  6 بجے سے صبح 10 بجے تک ضروری اشیاء خریدنے کی چھوٹ دی گئی تھی جس کے سبب  صبح میں لوگوں کی چہل پہل دکھائی دی  لیکن اس کے بعد پولس نے تمام دکانوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔کرفیو کے دوران غیر ضروری چہل پہل کو روکنے اور عوام کو گھروں میں ہی بٹھانے کے لیے شہر میں جگہ جگہ پولس فورس تعینات کی گئی ہے اور یہ ہر آنے جانے والوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ خیال رہے کہ ریاستی حکومت نے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بلا وجہ گھروں سے باہر نکلنےپر پابندی عائد کی ہے اور پکڑے جانے کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کاروائی اورن کی گاڑیوں کو ضبط بھی کر نے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں ۔ اس دوران بھٹکل میں میڈیکل دکانوں اور ضروری خدمات کے علاوہ باقی تمام دکانیں بند رکھی گئی ہیں ۔