مکہ مسجد کے افتتاح کے موقع پر عام اجلاس کا انعقاد؛ شبینہ مکتب کے طلبہ کا بہترین مظاہرہ

12:32PM Thu 25 Jan, 2018

بھٹکلیس نیوز / 25 جنوری، 18 بھٹکل / (اسماعیل راجا) قومی شاہراہ سے متصل آئس فیکٹری کے قریب واقع مکہ محلہ میں مکہ مسجد کی تعمیر نو کے بعد گزشتہ شب وہاں ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں شبینہ مکتب کے طلبہ نے حمد، نعت، تقاریر اور مکالموں کو پیش کر کے سامعین سے داد وصول کی۔ اس موقع پر جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب صاحب ندوی نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے جہاں اپنے اولاد کی دینی نہج پر تربیت کرنے پر زور دیا وہیں انہوں نے خود کو بھی دینی نہج پر اتارنے کی تاکید کی۔ انہوں نے محلہ کے نام کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح اس محلہ کا نام مکہ محلہ رکھا گیا ہے اسی طرح یہاں کے لوگوں کو بھی مکہ والوں کے دور کو یاد رکھنا چاہئے اور ان کی قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے آپ کو بھی اس کے لئے تیار کرانا چاہئے۔ مولانا محترم نے اس موقع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں اپنی بات کو رکھتے ہوئے اپنی اور اپنی اولاد کے دین کی فکر کرنے اور حلال کمائی سے اپنا پیٹ بھرنے کی ترغیب دی۔ اس کے علاوہ صدر اجلاس مولانا زکریا برماور ندوی صاحب نے بھی بچوں کی تربیت اور شبینہ مکتب کے فوائد بتائے۔ اجلاس کا آغاز مولانا مظفر ندوی کی تلاوت کیا گیا جس کے بعد شبینہ مکتب کے طالب علم نے حمد پیش کی۔ پروگرام کے پروگرام میں  مسجد کے سابق موذن جناب محمد حسین صاحب  اور مسجد کے ذمہ دار  جناب رکن الدین محمد عمر صاحب کو  ان کی خدمات کے عوض ان کی شال پوشی کی گئی۔ ڈائس جناب عتیق الرحمن مُنیری صاحب، جناب  ایم جے مولیٰ صاحب اور مولانا عبدالسمیع ندوی صاحب موجود تھے۔