یمنی باغیوں کا سعودی عرب پر سرحد پار سے حملہ ناکام

02:16PM Tue 26 Jan, 2016

اتحادیوں اور سعودی فوج کی کارروائی سے دشمن پسپا یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں اور ان کے حلیف مںحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کی ماتحت ملیشیا نے اپنی فوجی گاڑیوں کے ہمراہ سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سعودی بارڈر فورسز اور عرب ممالک پر مشتمل اتحادی فوج نے مشترکہ جوابی کارروائی میں دشمن کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا ہے۔ ’’العربیہ‘‘ نیوز چینل کے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق سوموار کو علی الصباح حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا کے جنگجوؤں نے سعودی عرب کے اندر راکٹ داغے اور ساتھ ہی انہوں نے سرحد عبور کر کے مملکت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی مگر بارڈر فورس اور اتحادی طیاروں کی جوابی کارروائی میں دشمن کو فرار ہونا پڑا ہے۔ نامہ نگار نے بتایا کہ سعودی عرب کے ’’اپاچی‘‘ جنگی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مملکت کے ساحلی شہر جازان سے متصل حوثیوں کے فوجی اڈوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے ہیں۔ بمباری سے باغیوں کے راکٹ داغے جانے کے متعدد اڈے اور لانچنگ پیڈ بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرحد پار سے حوثی شرپسندوں کی سعودی عرب میں مداخلت کی چوبیس گھنٹے مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ دشمن کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ میں عرب اتحادی فوج کے جاسوس طیارے بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ سعودی فوج نے یمن کی سرحد کے اندر حوثیوں کی جانب سے نصب کردہ ہزاروں بارودی سرنگوں کو بھی ناکارہ بنا دیا ہے۔