دہلی حکومت کے اسکولوں میں ڈسپلن شکنی کے لیے پرنسپلوں پر ہوگی کارروائی
02:13PM Mon 30 Jan, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)اساتذہ کی حاضری میں بے ضابطگیوں کو روکنے اور کلاس کے وقت میں ڈسپلن بنائے رکھنے کے لیے دہلی حکومت نے ڈسپلن شکنی کے لیے اسکول کے پرنسپلوں کی ذمہ داری طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اگر سرکاری اسکولوں میں ڈسپلن بنا کر نہیں رکھا جائے گا تو پرنسپل کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔آپ حکومت نے یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سسودیا نے مختلف سرکاری اسکولوں میں اچانک معائنہ کے دوران پایا کہ کئی کلاسوں میں اساتذہ ہی نہیں تھے اور طلبا گلیوں میں اور اسکول کی عمارت کے باہر گھوم رہے تھے۔ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اچانک معائنہ نے تقریبا تمام اسکولوں میں نظم و ضبط کی کمی کو اجاگر کر دیاہے ، سبھی پرنسپلوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کوئی بھی کلاس بغیر طالب علموں کے نہ ہو اور اس پر بھی نظر رکھی جائے کہ کلاس میں استاد وقت کے پابندی ہیں یا نہیں۔حکومت نے معائنہ ٹیم تشکیل دی ہے ، جن میں اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں کے رکن شامل ہیں جو اسکولوں کا معائنہ کریں گے اور اس کی رپورٹ اسکول انسپیکشن ایپلی کیشن پر اپ لوڈ کریں گے۔سسودیا کے دفتر کی اس ایپلی کیشنز تک سیدھے پہنچ ہوگی۔افسر نے کہا کہ صاف و صفائی، کلاس روم میں اساتذہ اور طلبا کی موجودگی کو یقینی بنانے میں ناکام رہنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔