مسجد الحرام کی طرز پر امراوتی میں بڑے پیمانہ پر مسجد کی ہوگی تعمیر، چندرا بابو نائیڈو نے دی ہدایت

12:56PM Thu 13 Sep, 2018

آندھراپردیش کے وزیراعلی چندرابابونائیڈو نے ریاست کے نئے دارالحکومت امراوتی میں وقف بورڈ کی نگرانی میں بڑے پیمانہ پر مسجد کی تعمیر کے اقدامات کرنے کی افسروں کو ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں ، وزیربلدیہ نظم و نسق پی نارائنا کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ امراوتی کی 10 ایکڑ اراضی پر سعودی عرب کی مسجد حرام کی طرز پر مسجد تعمیر کرنے کے لئے تیاریاں کی جائیں ۔ مسجد کی تعمیر وقف بورڈ کی زیرنگرانی کی جانی چاہئے ۔ نائیڈو نے کہا کہ تروملاتروپتی دیواستھانم امراوتی میں بڑے پیمانہ پر مندر تعمیر کررہا ہے۔ اسی دوران مندر کی دوسری طرف مسجد تعمیر کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کا شہر مختلف ثقافت اور مذاہب کا مرکز ہونا چاہئے ۔
 کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کمشنر سریدھر اور امراوتی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر لکشمی پارتھا سارتھی نے قانون ساز اسمبلی ، کونسل ہائی کورٹ کی عمارت اور سیول سروسز آفیسز کے لئے رہائشی کامپلکسوں کی مستقل عمارتوں کی جاری تعمیر پر چندرابابو کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی میں تعمیر کی جانے والی ہر عمارت عصری اور نئے دارالحکومت کی خوبصورت کی عکاس ہونی چاہئے۔