عمران خان سے ملے ہندوستانی ہائی کمشنر، ہند - پاک تعلقات پرتبادلہ خیال

03:50PM Fri 10 Aug, 2018

پاکستان میں بطور وزیراعظم جلد ہی حلف لینے والے اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے جمعہ کوہندوستانی ہائی کمشنرنے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ہندوستانی ہائی کمشنراجے بساریا نے عمران خان کوالیکشن میں ملی جیت پرمبارکباد دی اورہندوستان - پاکستان کے تعلقات سے متعلق امکانات پرغورکیا۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے ہونے والے وزیراعظم عمران خان سے ملنے جمعہ کو ہندوستانی ہائی کمشنر اجے بساریا پہنچے۔ اس دوران ہندوستانی ہائی کمشنر نے عمران خان کے سامنے ہندوستانی سرحد پر پاکستان کی طرف سے مسلسل ہورہی فائرنگ اورہند- پاک تعلقات کے امکانات پرتبادلہ خیال کیا۔ اس دوران اجے بساریا نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا دستحط کیا ہوا ایک بلا بھی عمران خان کو تحفے میں دیا۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ ملاقات ہند- پاک کے رشتوں کی نئی شروعات کرسکتی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کی جانب سے کئی ساتھی کھلاڑیوں کو حلف برداری تقریب میں مدعو بھی کیا گیا ہے۔ حالانکہ ابھی تک کئی سینئر کھلاڑیوں کے پاکستان جانے پر شش وپنج کا معاملہ ہے۔ بہر حال اس طرح کے ملاقات دونوں ممالک کے لئے خوش آئند ثابت ہوسکتے ہیں۔