لالو یادو کا نریندر مودی پر طنز ، کہا، فقیر اپنی فقیری کا 'ذکر' نہیں 'فکر' کرتے ہیں

01:02PM Sun 4 Dec, 2016

پٹنہ۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خود کو 'فقیر' کہنے پر چٹکی لیتے ہوئے آج کہا کہ فقیر اپنی فقیری کا 'ذکر' نہیں 'فکر' کرتے ہیں۔ مسٹر یادو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کہا، ’’کیا کبھی کسی فقیر نے یہ کہا ہے کہ،" کاروبار میرے خون میں ہے؟ فقیری اور کاروبار ساتھ ساتھ؟ فقیر اپنی فقیری کا 'ذکر' نہیں 'فکر' کرتے ہیں۔‘‘ ایک اور ٹویٹ میں مسٹر یادو نے جھارکھنڈ کی رگھوور حکومت پر طنز کرتے ہوئے لکھا، ’’جھارکھنڈ کے وزیر اعلی کے علاقے میں دن دہاڑے عدالت کے احاطے میں گولیاں چلیں، ایک قتل ہوا۔ پھر اگلے دن دنادن گولیاں چلیں، میڈیا خاموش کیونکہ بی جے پی حکومت ہے۔‘‘
 قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو اترپردیش کے مراد آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پریورتن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بدعنوان لوگوں کو سیدھا چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ (بدعنوانی میں ملوث لوگ) ان کا کیا بگاڑ لیں گے۔ وہ تو فقیر آدمی ہیں، پھر تھیلے لے کر چل پڑیں گے۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ فقیری نے ہی انہیں غریبوں کے لئے لڑنے کی طاقت دی ہے۔