ہجومی تشدد کے خلاف مجلس اصلاح و تنظیم کے زیر اہتمام زبردست احتجاج؛ مقررین کی جانب سے ظلم اور بربریت کی پر زور مذمت

05:09PM Fri 5 Jul, 2019

بھٹکل: 5 جولائی،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک میں کچھ دنوں قبل ہجومی تشدد کی بھینٹ چڑھنے والے تبریز انصاری کے قتل کی مذمت میں آج مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے پر زور احتجاج کیا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے صدر ہند سے درخواست کی گئی کہ وہ ملک میں ایسے حالات پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کریں۔ اس موقع پر عصر بعد ٹھیک 04:45 بجے عیدگاہ میدان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو کہ  قومی شاہراہ اور مین روڈ سے گزرتے ہوئے پبلک چبوترے پر جلسہ میں تبدیل ہوئی۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے جلسہ و جلوس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی دینی حمیت کے ساتھ ساتھ ملک سے محبت کا بھی ثبوت دیا۔ اس دوران کئی افراد اپنے ہاتھوں میں ماب لنچگ کی مذمت میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر مقررین کی جانب سے  ہجومی تشدد کی پر زور مذمت کی گئی اور اسے ملک کے لیے بد نما داغ قرار دیتے ہوئے جلد سے جلد بند کرنے کی اپیل کی گئی۔ مقررین نے اس ظلم و بربریت کو روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ آگ صرف مسلمانوں کے لیے نقصان دہ نہیں بلکہ دوسرے مذہب کے ماننے والوں کے لیے بھی یہ کافی نقصان دہ ہے  اور سب سے بڑھ کر ملک کے امن و امان کے لیے نقصان دہ ہے۔ تمام افراد نے حکومت کو اس معاملہ میں مداخلت کرنے اور ایسے عناصر کو کچلنے کی پرزور اپیل کی ۔ ڈائس پر صدر تنظیم جناب ایس ایم پرویز صاحب، جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے، جناب عتیق الرحمان منیری، ڈاکٹر محمد حنیف شباب، جناب عنایت اللہ شابندری، جناب مولانا مقبول صاحب کوبٹے ندوی، جناب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی، جناب ہاشم محتشم، جناب مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی، جناب یونس قاضیا صاحب، جناب الطاف کھروری، جناب مولانا عبدالعلیم قاسمی وغیرہ موجود تھے۔