شمس اسکول میں سالانہ اجلاس کا انعقاد؛ ابوالخیر اور عاصم خیال کو ملا نجم اخوان کا باوقار ایوارڈ

07:53AM Mon 24 Dec, 2018

بھٹکل: 24 دسمبر، 18 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ادارہ تربیت اخوان ایجوکیشن سوسائٹی کے ماتحت چلنے والے شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول اور نیو شمس اسکول کا سالانہ اجلاس جامعہ آباد روڈ پر واقع سید علی کیمپس میں سنیچر کی صبح منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ہر سال اسکول کے بہترین طالب علم کو دیا جانے والا نجم اخوان ایوارڈ  اس سال ریاستی بورڈ نصاب کے شعبہ میں ابوالخیر ابن عبدالمجید بنگالی کو اور آئی سی ایس ای نصاب تعلیم کے شعبے میں عاصم ابن عبدالودود خیال کو دیا گیا۔ جبکہ اسکول کے سابق طالب علم کو کسی شعبے میں ممتاز بننے پر دیا جانے والا ’پریڈ آف شمس‘ کا ایوارڈ شمویل بھالی کو دیا گیا۔ علاوہ ازیں اسکول میں 38/سالوں سے خدمت کرنے والے ابراہیم صاحب کی بھی تہنیت کی گئی اور گزشتہ سال دسویں میں امتیازی نمبر حاصل کرنے والے بلال آزاد کو سلور میڈل کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی طرح لڑکیوں کے شعبے میں دوسرے دن آئی سی ایس سی کے زمرے میں رابعہ  ملیحہ بنت محمد مقیم عثمان ہلارے اور ریاستی نصاب کے زمرے میں  ندا بنت مشتاق محتشم کو شمس کے باوقار اعزازگولڈ میڈل  ’’نجمِ اخوان ‘‘ ایوارڈ سےنوازاگیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک جناب شمویل بھالی صاحب نے طلبہ کو معیاری اور اقدار پر مبنی تعلیم کو حاصل کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ علم کے بغیر آج دنیا میں کسی کو عزت نہیں دی جاتی ہے۔ ادارے کے نائب صدر جناب نذیر احمد قاضی صاحب نے بھی طلبہ کو خطاب کیا اور کہا کہ طلبہ کو تعلیم کو زیادہ اہمیت دیں اور اپنے پسندیدہ شعبے میں ماہر بننے کی کوشش کریں۔ اجلاس کا آغاز اسکولی طالب علم ایوب گوائی کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد فارقلیط ردا مانوی نے ان آیات کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ نعت پاک اور ترانہ کے بعد شمس انگلش میڈیم اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد رضامانوی نے استقبال کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ سکریٹری اسکول جناب محمد طلحہ سدی باپا صاحب کے ذریعے اسکول کی ویڈیو رپورٹ دکھائی گئی ۔ ڈائس پر اسکول بورڈ چیرمن قادر میراں پٹیل صاحب،  ایس کے صلاح الدین صاحب، پی آر اؤ  مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی ، حافظ عبدالغنی رکن الدین صاحب، سید شکیل ایس ایم صاحب، سید یوسف ریان برماور صاحب، بلال رکن الدین صاحب، شمس الومنی کے محمد نوح وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔