تلنگانہ میں اسمبلی تحلیل، ریاست میں جلد انتخابات کا راستہ ہموار

02:29PM Thu 6 Sep, 2018

تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راو کی سفارش کے بعد یہاں کی اسمبلی کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔ موصول ہونے والی معلومات کے مطابق، گورنر نے ان کی تجویز منظور کر لی ہے۔ انہوں نے جمعرات کو کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ میٹنگ کے بعد کے سی آر نے گورنر سے ملاقات کی۔ اسمبلی تحلیل ہو جانے کے بعد اب تلنگانہ میں وقت سے پہلے الیکشن ہونا طے ہے۔ ذرائع کے مطابق، کریم نگر ضلع کے ہمنا آباد میں کے سی آر 7 ستمبر کو ایک عوامی اجلاس سے خطاب کر سکتے ہیں۔ مانا جاتا ہے کہ اگر انتخابات دیر سے ہوتے تو اس کا نقصان انہیں اٹھانا پڑ سکتا تھا۔ کے سی آر کی پارٹی کانگریس کو کوئی موقع نہیں دینا چاہتی۔ قبل ازیں، تلنگانہ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی قرارداد کابینہ میں منظور کی گئی تھی۔ ریاستی اسمبلی کی تحلیل اور ریاست میں جلد انتخابات کے سلسلہ میں گزشتہ کئی دنوں سے اطلاعات گشت کر رہی تھیں۔ اس ضمن میں آج ریاستی کابینہ کا اجلاس وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ یہ اجلاس تقریبا4.30منٹ میں ہی ختم ہو گیا۔ اس قرارداد پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے دستخط کئے تھے۔