ہندوستان -پاکستان کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ رد ہونے سے عمران خان ہوئے مایوس

03:36PM Sat 22 Sep, 2018

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہندوستان اور پڑوسی ملک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی میٹنگ رد ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ جموں وکشمیر کےضلع شوپیاں میں جمعہ کو تین خصوصی پولیس افسران کو اغوا کرکے ان کو قتل کرنےاور جنگجو برہان وانی پر ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کےخلاف احتجاج میں ہندوستان نے یہ میٹنگ منسوخ کردی ہے۔ عمران خان نےہفتہ کو ٹویٹ کرکے کہا کہ امن مذاکرات پھرسے شروع کرنے کی ان کی تجویز پر ہندوستان کے’متکبرانہ اور منفی ‘جواب سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’اپنی پوری زندگی میں میں نے ادنیٰ لوگوں کو بڑے بڑے عہدوں پر قابض ہوتے دیکھا ہے، یہ لوگ بصارت سے عاری اور دوراندیشی سے یکسر محروم ہوتے ہیں‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ وزیرخارجہ سشما سوراج کی پاکستان کے ویزخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران میٹنگ ہونے والی تھی جسے پاکستان کے جنگجوؤں پر ڈاک ٹکٹ جاری کرنے اور کشمیر کے حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے پیش نظر ہندوستان نے رد کردیا ہے۔