آر بی آئی گورنر راجن نے کہا : اندھوں میں کانا راجہ جیسی ہے ہندوستانی معیشت
01:47PM Sat 16 Apr, 2016
واشنگٹن: ہندوستان کو اکثر 'عالمی اقتصادیات میں چمکتا نقطہ بتائے جانے کے درمیان ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر رگھو رام راجن نے کہا ہے کہ یہ کچھ کچھ اندھوں میں کانا راجہ جیسا معاملہ ہے۔ کمزور عالمی اقتصادی حالات کے درمیان آئی ایم ایف سمیت مختلف اداروں نے ہندوستانی معیشت کو اقتصادی ترقی کے لحاظ سے 'چمکتے نقطوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ راجن کی قیادت میں ریزرو بینک کو بھی اس بات کا کریڈٹ دیا جاتا ہے کہ اس نے ملک کے مالیاتی نظام کو بیرونی جھٹکوں سے بچانے کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے ہیں۔
راجن سے جب 'چمکتے نقطہ والے اس اصول پر ان کی رائے جاننی کی کوشش کی گئی ، تو انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اب بھی وہ مقام حاصل کرنا ہے جہاں ہم مطمئن ہو سکیں۔ ہمارے یہاں ایک محاورہ ہے، 'اندھوں میں کانا راجا ، ہم تھوڑا بہت ویسے ہی ہیں۔ آئی ایم ایف کے سابق ماہر اقتصادیات راجن عالمی بینک اور آئی ایم ایف کی سالانہ میٹنگ کے ساتھ ساتھ جی 20 کے وزرائے خارجہ اور مرکزی بینک کے گورنروں کے اجلاس میں شرکت کیلئے یہاں آئے ہیں۔