شرمناک! صحافی کو دھمکانے والے بی جے پی رکن اسمبلی نے کیا ’طمنچے پہ ڈسکو‘،

04:36PM Wed 10 Jul, 2019

بی جے پی رکن اسمبلی کنور پرنب سنگھ چمپئن اپنی حرکتوں کی وجہ سے ایک بار پھر تنازعہ کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا ایک شراب پیتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ ہاتھ میں پستول لے کر ڈانس کر رہے ہیں۔ پی ایم مودی لگاتار بی جے پی لیڈروں اور کارکنان کو ڈسپلن میں رہنے کی بات کہتے ہیں اور ہدایات دیتے رہے ہیں، لیکن پارٹی اراکین اسمبلی شاید اس پر کوئی توجہ نہیں دینا چاہتے۔ اتراکھنڈ کے خان پور سے بی جے پی رکن اسمبلی پرنب سنگھ چمپئن ایک بار پھر تنازعہ میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ہتھیاروں کے ساتھ بالی ووڈ کے مشہور گانا ’مجھ کو رانا جی معاف کرنا‘ پر ٹھمکے لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پرنب سنگھ وہی رکن اسمبلی ہیں جنھوں نے کچھ دن پہلے ایک صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکی کے ساتھ اس کی پٹائی کر دی تھی۔ وائرل ویڈیو میں پرنب چمپئن پستول اور شراب کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو کے مطابق چمپئن ڈانس کرتے ہوئے ایک پستول منھ میں دبا کر اور دو پستول دونوں ہاتھوں میں لیے ہوئے ہیں۔ اس دوران شراب پیتے ہوئے بھی وہ دکھائی دیئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اپنے کچھ حامیوں کے ساتھ انھوں نے ایک پارٹی رکھی تھی۔ اس پارٹی میں انھوں نے خوب شراب پی، ٹھمکے لگائے اور ہتھیار لہرائے۔ حالانکہ یہ دعوت کب ہوئی، اس کی جانکاری نہیں مل پائی ہے۔ غور طلب ہے کہ بی جے پی نے خان پور رکن اسمبلی کنور پرنب سنگھ چمپئن کو ڈسپلن شکنی کے الزام میں تین مہینے کے لیے پارٹی سے معطل کر رکھا ہے۔