افغانستان میں ماضی کا صفحہ پلٹنے کے حوالے سے پُر امید ہیں: شاہ سلمان

04:01PM Wed 11 Jul, 2018

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بدھ کے روز جدہ کے قصرِ سلام میں افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے مسلم علماء کی بین الاقوامی کانفرنس میں شریک علماء کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خادم حرمین شریفین نے علماء کا گرم جوشی کے ساتھ خیر مقدم کیا اور اس کانفرنس کے انعقاد پر علماء اور اسلامی تعاون تنظیم کی خراج تحسین پیش کیا۔ شاہ سلمان نے علماء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ لوگ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت انجام دینے کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔ مسلمانوں میں باہمی اتحاد کو فروغ دے رہے ہیں۔ اسلامی دنیا میں جنگ و جدل اور بحرانوں کے سبب درپیش مشکلات کو حل کر رہے ہیں۔ شدت پسندی اور دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے کوشاں ہیں۔ مملکت سعودی عرب کو اللہ تعالی نے حرمین شریفین کی خدمت کا اعزاز بخشا ہے اور ہم اپنے والد کے زمانے سے آج تک اس خدمت کو انجام دے رہے ہیں"۔ خادم حرمین شریفین نے باور کرایا کہ افغانستان کا بحران شروع ہونے کے وقت سے سعودی عرب افغان عوام کے دکھ درد اور خانہ جنگی کے تباہ کن نتائج میں اُن کے ساتھ رہا۔ مملکت نے انسانی اور اقتصادی امداد پیش کرنے کے علاوہ سیاسی کوششوں کو بھی جاری رکھا تا کہ برادر افغان عوام کے اندر اختلاف کو ختم کیا جا سکے۔ شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم آج پُر امید ہیں کہ آپ لوگوں کی کوششیں ماضی کا صفحہ پلٹ دینے اور افغانستان میں ایک نئے باب کے آغاز میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ امن و استحکام کے حوالے سے افغان عوام کی توقعات پوری ہوں گی۔ اس کے لیے بات چیت، مصالحت اور رواداری کی روش اپنانے کی ضرورت ہے جس کی تعلیم ہمارا دین اسلام بھی دیتا ہے"۔